اکولہ میونسپل کارپوریشن میں بڑا سیاسی الٹ پھیر، بی جے پی کی قیادت میں 44 کارپوریٹروں کا گروپ رجسٹر؛ اپوزیشن کی ڈنرڈپلومیسی ناکام، مہایوتی مضبوط

اکولہ: (کاوش جمیل نیوز) :اکولہ کی سیاست میں اب تک کی سب سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ اکولہ میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کی قیادت میں 44 کارپوریٹروں کے گروپ کی امراوتی ڈویژنل کمشنر کے پاس باقاعدہ رجسٹریشن کرائی گئی ہے۔ اس گروپ کو ’شہر سدھار سمیتی‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس پیش رفت کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اقتدار قائم کرنے کی کوششیں ناکام ہوتی نظر آ رہی ہیں۔
بی جے پی کی قیادت میں قائم اس گروپ میں بی جے پی کے 38، شرد پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے 3، اجیت پوار کی این سی پی کا 1، شندے کی شیوسینا کا 1 اور آزاد کارپوریٹر چاند چودھری شامل ہیں۔ اکولہ میونسپل کارپوریشن میں اکثریت کے لیے 41 ارکان کی ضرورت ہوتی ہے۔ بی جے پی نے 44 کارپوریٹروں کا گروپ بنا کر اقتدار کے قیام کی راہ کو آسان بنا لیا ہے۔
80 میں سے 44 کارپوریٹروں کے اتحاد کی رجسٹریشن ہونے سے بی جے پی کے لیے میونسپل کارپوریشن میں اقتدار کا راستہ ہموار ہونے کا امکان ہے۔ بی جے پی کے اسمبلی میں چیف وہپ ایم ایل اے رندھیر ساورکر نے گروپ کی تشکیل کی تصدیق کی ہے۔
80 ارکان والی اکولہ میونسپل کارپوریشن میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت نہ ملنے کے باعث اقتدار کے لیے زبردست جوڑ توڑ جاری تھی۔ پرکاش امبیڈکر کی قیادت میں کانگریس، ٹھاکرے کی شیوسینا، ایم آئی ایم اور دیگر جماعتوں نے 42 کارپوریٹروں کی حمایت کا دعویٰ کیا تھا، تاہم یہ محاذ عملی شکل اختیار کرنے سے پہلے ہی بی جے پی نے بڑی سیاسی چال چل دی۔
این سی پی کے رہنما امول مٹکری نے کہا کہ ’’ڈنر ڈپلومیسی‘‘ کا کوئی اثر نہیں ہونے والا۔ صرف کھانے کی دعوت آنے پر ہمارا کارپوریٹر وہاں گیا تھا۔ کھانے میں کیا تھا، یہ بھی ہمارے عہدیداروں کو آ کر بتایا گیا۔ آپ چاہے جتنی بھی طاقت آزمائیں، مہایوتی مضبوط ہے۔‘‘ ان الفاظ میں انہوں نے اپوزیشن کو نشانہ بنایا۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شردچندر پوار گروپ کے 3 اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے 1 کارپوریٹر، اس طرح کل 4 کارپوریٹروں کی بی جے پی کی قیادت میں قائم شہر سدھار سمیتی میں شمولیت کے باعث بی جے پی اکثریت کے ہدف سے آگے نکل گئی ہے۔
بی جے پی کی قیادت میں ’شہر سدھار سمیتی‘ میں شامل پارٹیاں اور عددی طاقت
بی جے پی: 38
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردچندر پوار): 03
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی: 01
شیوسینا (شندے): 01
آزاد: 01
کل: 44
اکثریت کا ہندسہ: 41
اکولہ میونسپل کارپوریشن میں پارٹی وار طاقت
کل نشستیں: 80
اکثریت کا ہندسہ: 41
بی جے پی: 38
کانگریس: 21
شیوسینا (اُدھو بالا صاحب ٹھاکرے): 06
شیوسینا: 01
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی: 01
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردچندر پوار): 03
ونچیت: 05
ایم آئی ایم: 03
آزاد: 02



