گجرات بورڈ امتحان 2026 میں دودھارا کی ہونہار بیٹی سدرہ کلیم اللہ نے پورے گجرات میں پہلی پوزیشن حاصل کی ،سدرہ کلیم اللہ کی معلمات کا تعلق مالیگاؤں کے مالیگ خانوادے سے ۔۔۔۔۔۔!!!

مالیگاؤں: (خیال اثر) :تعلیم وہ روشنی ہے جو نہ صرف ایک فرد بلکہ پورے معاشرے کی تقدیر بدل دیتی ہے،اور جب کسی بیٹی کی محنت،لگن اور مسلسل جدوجہد کامیابی کی بلند ترین چوٹی کو چھو لے تو خوشی صرف ایک گھر تک محدود نہیں رہتی بلکہ پورا علاقہ فخر سے سر بلند ہوجاتا ہے۔ایسی ہی ایک تابناک اور تاریخی کامیابی ضلع دودھارا کی ہونہار و ذہین طالبہ چودھری سدرہ کلیم اللہ نے حاصل کی ہے جنہوں نے ایس ایس سی بورڈ امتحان 2026 میں 99.99 فیصد رینک حاصل کرتے ہوئے پورے گجرات میں پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی اور اپنی ذہانت،محنت اور قابلیت سے نئی تاریخ رقم کردی۔
دی ماڈل ہائی اسکول کپودرا کی اس باصلاحیت طالبہ نے نہ صرف اپنے اسکول بلکہ اپنے والدین،اساتذہ،علاقے اور پورے دودھارا گاؤں کا نام روشن کردیا۔سدرہ کی اس بے مثال کامیابی نے یہ ثابت کردیا کہ اگر عزم مضبوط ہو،محنت سچی ہو اور اساتذہ کی دعائیں شامل ہوں تو کامیابی انسان کے قدم چومتی ہے۔امتحان میں ان کی شاندار کارکردگی ہر کسی کے لیے باعث حیرت و مسرت بنی ہوئی ہے۔خصوصاً ریاضی،سماجی علوم،سائنس اور عربی جیسے اہم مضامین میں مکمل نمبرات حاصل کرکے انہوں نے اپنی غیر معمولی ذہانت کا ثبوت پیش کیا۔
اس عظیم کامیابی پر علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔چودھری کلیم اللہ،چودھری مسیح اللہ،چودھری وصی اللہ،غیاث الدین،محمد حسین،ستیہ نارائن،محمد پرویز اختر،مولانا عبیدالرحمن مظاہری سمیت اسکول انتظامیہ،اساتذہ کرام،اہل خانہ،دوست احباب اور علاقہ کے معززین نے طالبہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اسکول انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ چودھری سدرہ کلیم اللہ کی محنت،نظم و ضبط،اخلاق اور تعلیمی لگن دیگر طلبہ کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔ان کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ دیانتدارانہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی نہایت ضروری ہے کہ دی ماڈل ہائی اسکول کپودرا میں اپنی بہترین تعلیمی خدمات انجام دینے والی دو قابل اور محنتی معلمات مسرت پروین مالیگ اور عائشہ بانو مالیگ کا تعلق مالیگاؤں کے معروف،مخلص اور ہر دلعزیز سبکدوش معلم اے ٹی ٹی کے فاروق احمد تشنہ سر کے علمی و باوقار خانوادے سے ہے۔یہ دونوں معلمات برسہا برس سے مالیگاؤں سے دور رہ کر گجرات کی سرزمین پر علم کی شمع روشن کیے ہوئے ہیں اور اپنی انتھک محنت،خلوص اور بہترین تدریسی صلاحیتوں کے ذریعے طلبہ کے مستقبل کو سنوارنے میں مصروف ہیں۔چودھری سدرہ کی اس تاریخی کامیابی کے پیچھے بھی ان دونوں معلمات کی بے پناہ محنت،شفقت،رہنمائی اور مسلسل نگرانی شامل رہی ہے۔انہوں نے ایک ماں کی طرح طالبہ کی تربیت کی،حوصلہ بڑھایا اور ہر قدم پر رہنمائی کرکے کامیابی کی منزل تک پہنچایا۔ مالیگ خانوادہ ہمیشہ سے علم و ادب،اخلاق اور خدمت خلق کا روشن استعارہ رہا ہے۔اسی خانوادے کے بزرگ حضرت نیاز احمد مالیگ کا نام بھی نہایت ادب و احترام کے ساتھ لیا جاتا ہے جنہوں نے اپنی سادگی،اخلاق،علم دوستی اور انسانیت نوازی کے ذریعے معاشرے میں ایک بہترین مثال قائم کی۔ان کی علمی و اخلاقی تربیت کا ہی اثر ہے کہ آج ان کے خانوادے کی بیٹیاں دوسرے صوبوں میں جاکر قوم و ملت کی بچیوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کررہی ہیں اور اپنی قابلیت و کردار سے مالیگاؤں کا نام روشن کررہی ہیں۔حضرت نیاز احمد مالیگ کی شخصیت ایک ایسا سایہ دار درخت ہے جس کی ٹھنڈی چھاؤں میں نسلوں نے علم،اخلاق اور انسانیت کا درس حاصل کیا،اور آج انہی اقدار کی خوشبو ان کے خانوادے کی تعلیمی خدمات میں نمایاں طور پر محسوس کی جارہی ہے۔ بلاشبہ چودھری سدرہ کلیم اللہ کی یہ عظیم کامیابی صرف ایک طالبہ کی کامیابی نہیں بلکہ یہ اساتذہ کی محنت،والدین کی دعاؤں،خاندان کی بہترین تربیت اور علم دوست ماحول کی جیتی جاگتی تصویر ہے۔یہ کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے امید،حوصلے اور عزم کا پیغام ہے کہ اگر انسان سچے دل سے محنت کرے تو دنیا کی کوئی طاقت اسے کامیابی سے نہیں روک سکتی۔آج دودھارا گاؤں،مالیگاؤں اور گجرات کی فضا اس ہونہار بیٹی کی کامیابی سے معطر ہے اور ہر آنکھ فخر و خوشی سے چمک رہی ہے۔




