بالاپورکی آبی فراہمی کا نظام ہوگا ہائی ٹیک;حیدرآباد کی ماہر ٹیم نے فلٹر ہاؤس کا تکنیکی سروے کیا، جدید واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ اورواٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کے کام میں آئے گی تیزی

بالاپور: شہر کے عوام کو صاف، محفوظ اور معیاری پینے کا پانی فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حیدرآباد سے آئی ماہر تکنیکی ٹیم نے بالاپور کے فلٹر ہاؤس کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے الیکٹرو مکینیکل کاموں اور جدید واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام سے متعلق تمام تکنیکی پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ماہرین نے مجوزہ منصوبے کی تکنیکی جانچ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تمام کام اعلیٰ معیار اور مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جدید، محفوظ اور معیاری پینے کے پانی کی سہولت جلد از جلد میسر آسکے۔
اس موقع پر نگر پریشد کی صدر کے والد جموں سیٹھ، ڈاکٹر محمد فیاض انصاری، محمد اکرم، آبی امور کمیٹی کے چیئرمین محمد سعود، متعلقہ افسران اور تکنیکی ٹیم کے ارکان موجود تھے۔
منصوبہ مکمل ہونے کے بعد شہر میں پانی کی مسلسل نگرانی کے لیے جدید واٹر ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم ہوگی، جہاں پانی کے معیار کی باقاعدہ جانچ ممکن ہوگی۔ اس اقدام سے شہریوں کو نہ صرف صاف اور صحت بخش پانی ملے گا بلکہ آبی فراہمی کے نظام میں شفافیت اور اعتماد بھی بڑھے گا۔
شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ منصوبے کے باقی ماندہ کام بھی تیزی سے مکمل کیے جائیں گے تاکہ بالاپور جدید اور مضبوط آبی فراہمی کے نظام سے مستفید ہو سکے۔




