اکولہ کے سب رجسٹرار کے جلگاؤں واقع مکان پر اے سی بی کا چھاپہ، تقریباً 2.95 کروڑ روپے مالیت کی نقد رقم، سونا اور جائیداد کے دستاویزات ضبط

جلگاؤں 3/ جولائی ( معین قاضی): مہاراشٹر کے ضلع اکولہ میں تعینات سب رجسٹرار و ضلع اسٹامپ کلکٹر (کلاس اول) کیرن پروشوتّم چودھری کے جلگاؤں کے وشنو نگر علاقے میں واقع رہائش گاہ پر انسدادِ بدعنوانی بیورو (اے سی بی) کی تلاشی کارروائی کے دوران تقریباً 2 کروڑ 94 لاکھ 64 ہزار 847 روپے مالیت کی نقد رقم، سونے چاندی کے زیورات، غیر منقولہ جائیداد سے متعلق دستاویزات اور دیگر قیمتی سامان ضبط کیا گیا۔ اس کارروائی کے بعد محکمۂ مال میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
اے سی بی کے مطابق، کیرن چودھری (57) کو 26 جون کو ایک شکایت کنندہ سے 10 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں اکولہ کے سٹی کوتوالی پولیس اسٹیشن میں انسدادِ بدعنوانی قانون کی دفعات 7 اور 12 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم کی رہائش جلگاؤں کے وشنو نگر میں واقع سائی پربھا آرکیڈ میں ہے، جس کے بعد بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا 2023 کی دفعہ 186 کے تحت جلگاؤں اے سی بی کو تلاشی کے احکامات جاری کیے گئے۔
ابتدائی کارروائی کے دوران مکان بند ہونے کی وجہ سے پنچوں کی موجودگی میں اسے سیل کر دیا گیا تھا۔ تاہم 28 جون کی علی الصبح تقریباً دو بجے ملزم کے بعض رشتہ داروں نے مبینہ طور پر عقبی گیلری کا تالا توڑ کر گھر میں داخل ہو کر شواہد مٹانے کی کوشش کی۔ موقع پر موجود اے سی بی افسران اور مقامی پولیس نے متعلقہ افراد کو حراست میں لے لیا، جس کے بعد جلگاؤں کے ضلع پیٹھ پولیس اسٹیشن میں علیحدہ مقدمہ درج کیا گیا۔
بعد ازاں 2 جولائی کو ملزم کی اہلیہ منیشا چودھری کی موجودگی میں دو سرکاری پنچوں، گولڈ ویلیوایشن ماہر، بینک کیشیئر اور ڈاکٹر کی موجودگی میں تفصیلی تلاشی لی گئی۔ اس دوران 1 کروڑ 53 لاکھ 84 ہزار 630 روپے نقد رقم، 422.100 گرام سونے کے زیورات (مالیت 60 لاکھ 57 ہزار 135 روپے)، 154.500 گرام چاندی کے زیورات (مالیت 31 ہزار 416 روپے)، 62 لاکھ 13 ہزار 376 روپے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کے دستاویزات، 11 لاکھ 52 ہزار 745 روپے مالیت کی سونا خریدنے کی رسیدیں اور 6 لاکھ 25 ہزار 545 روپے مالیت کا دیگر قیمتی گھریلو سامان ضبط کیا گیا۔
اے سی بی کے مطابق ضبط شدہ املاک کی مجموعی مالیت 2 کروڑ 94 لاکھ 64 ہزار 847 روپے ہے، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
یہ کارروائی پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ یوگیش ٹھاکر کی نگرانی میں پولیس انسپکٹر سمیتا نوگھرے، پولیس انسپکٹر ریشما اوتارے، اسسٹنٹ پولیس سب انسپکٹر سریش پاٹل اور اے سی بی کی ٹیم نے انجام دی۔




