جلگاؤں: چاقو کے زور پر لوٹ مار کرنے والے چار عادی ملزمان دو گھنٹوں میں گرفتار؛جلگاؤں تعلقہ پولیس کی برق رفتار کارروائی، نقد رقم لوٹ کر فرار ہونے والے ملزمان قانون کے شکنجے میں

جلگاؤں: 12 جون: (معین قاضی) : جلگاؤں تعلقہ پولیس نے انتہائی تیز رفتار اور پیشہ ورانہ تفتیش کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاقو کے زور پر لوٹ مار کرنے والے چار عادی ملزمان کو محض دو گھنٹوں کے اندر گرفتار کرکے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ پولیس کی اس کارروائی کو عوامی حلقوں میں سراہا جا رہا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق 11 جون 2026 کی رات تقریباً 1:30 بجے سے 3:45 بجے کے درمیان چیتن پرکاش پاٹل (35)، ساکن کھوٹے نگر، جلگاؤں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جلگاؤں۔پالدھی روڈ سے گزر رہے تھے۔ اسی دوران ہوٹل سائی گارڈن اور ہوٹل رادھیکا کے قریب چار افراد نے ان کی موٹر سائیکل روک لی۔
ملزمان نے چاقو دکھا کر شکایت کنندہ اور ان کے ساتھیوں کو دھمکایا، مارپیٹ کی اور گالم گلوچ کرتے ہوئے ان کی جیب سے تقریباً 7,800 روپے نقد رقم چھین لی۔ اس کے بعد ملزمان نے موٹر سائیکل کو نقصان پہنچایا اور موقع سے فرار ہوگئے۔
اس معاملے میں جلگاؤں تعلقہ پولیس اسٹیشن میں جرم نمبر 178/2026 درج کیا گیا ہے۔ بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔
معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے پولیس انسپکٹر ششیکانت پاٹل نے ڈی بی اسکواڈ کو فوری تحقیقات کے احکامات دیے۔ خفیہ معلومات اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر پولیس نے صرف دو گھنٹوں کے اندر چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت چیتن عرف بٹاٹا رمیش سشیر (21)، ساکن سنت میرابائی نگر، اماکانت دتاتریہ جادھو، ساکن سنت میرابائی نگر، گورو سنجے جادھو (21)، ساکن سائی نگر اور روشن بھگوان پاٹل (26)، ساکن پانڈورنگ نگر، جلگاؤں کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار شدگان میں بعض ملزمان کے خلاف ماضی میں بھی مختلف تھانوں میں سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔
یہ کارروائی پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کانت دھیورے، ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سندیپ گاویت اور سب ڈویژنل پولیس آفیسر نتین گناپورے کی رہنمائی میں انجام دی گئی۔ پولیس انسپکٹر ششیکانت پاٹل کی قیادت میں ڈی بی اسکواڈ نے یہ کامیاب کارروائی انجام دی، جبکہ مزید تفتیش گریڈ پولیس سب انسپکٹر شیام کمار مورے کر رہے ہیں۔




