بالاپور: رمضان سے پہلے بنیادی سہولیات کی بدحالی پر شہریوں میں شدید غم و غصہ!؛ پانی کی فراہمی اور بجلی نظام کی فوری مرمت کا پُرزور مطالبہ!

بالاپور: (ذاکر احمد) :مقدس ماہِ رمضان کے پیشِ نظر شہر کے شہریوں نے بلدیہ اور مہاوِترن انتظامیہ کے سامنے پینے کے پانی کی فراہمی اور بجلی نظام کی فوری مرمت کا زوردار مطالبہ کیا ہے۔ جونا شہر کے علاقوں سمیت پورے شہر میں آلودہ پانی کی سپلائی اور بار بار بجلی کی کٹوتی سے عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ اسی سلسلے میں انتظامیہ کو تحریری عرضداشت پیش کرتے ہوئے فوری کارروائی کی مانگ کی گئی ہے۔
شہریوں کی جانب سے بلدیہ کے چیف آفیسر کو دی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ماہِ رمضان میں روزہ، عبادت اور صفائی کو خصوصی اہمیت حاصل ہوتی ہے، ایسے میں صاف اور وافر پانی کی دستیابی نہایت ضروری ہے۔ مگر فی الحال شہر میں آنے والا پانی انتہائی آلودہ، بدبودار اور صحت کے لیے نہایت مضر ثابت ہو رہا ہے، جس سے وبائی امراض کے پھیلنے کا سنگین خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ لہٰذا رمضان سے قبل پورے شہر کی پانی کی پائپ لائن کی فوری صفائی کر کے صاف و محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اسی طرح مہاوِترن کے نائب عامل انجینئر کو دی گئی علیحدہ عرضداشت میں شہر کے الیکٹرک ڈی پی (DP) اور بجلی کی لائنوں کی فوری مرمت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ تکنیکی خرابیوں کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بار بار بجلی بند ہو رہی ہے، جس سے رمضان کے دوران عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ دو دن کے اندر تمام ڈی پی اور بجلی لائنوں کی مرمت و دیکھ بھال مکمل کر کے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
شہریوں نے واضح انتباہ دیا ہے کہ اگر رمضان سے قبل ان سنگین مسائل کا حل نہیں کیا گیا تو سخت احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ شہر کے باشندوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ اس حساس معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری، ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ماہِ رمضان امن، صفائی اور سہولت کے ساتھ گزارا جا سکے۔



