مہاراشٹر

مالیگاؤں کارپوریشن میں ٹیپوسلطان کی تصویرپرہنگامہ، بالآخر ہٹا دی گئی؛ ٹیپو سلطان آزادی کے ہیرو یا متنازع شخصیت؟ مالیگاؤں میں بحث تیز

نائب میئر کا دفاع: ٹیپو سلطان نے انگریزوں کے خلاف جنگ لڑی

مالیگاؤں: (کاوش جمیل نیوز) : مالیگاؤں میں ٹیپو سلطان کی تصویر کو لے کر سیاسی ماحول گرم ہو گیا ہے۔ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے نائب میئر شانِ ہند کی جانب سے اپنے دفتر میں ٹیپو سلطان کی تصویر لگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد تنازع کھڑا ہو گیا۔ ایکناتھ شندے کی شیوسینا سے وابستہ کارپوریٹروں نے اس پرسخت اعتراض کرتے ہوئے میونسپل کمشنر کے دفتر میں جا کر احتجاج درج کیا اور تصویر فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ ہندوتوا تنظیمیں بھی اس معاملے پر سرگرم ہو گئیں اور احتجاج کی وارننگ دی۔
شیوسینا دھرم ویر آدھیاتمک سینا کے ریاستی صدر اکشے مہاراج بھوسلے نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ نائب میئر کا یہ فیصلہ دو طبقات کے درمیان کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر مقررہ وقت میں تصویر نہ ہٹائی گئی تو مالیگاؤں میں جمہوری طریقے سے سخت احتجاج کیا جائے گا اور قانون و نظم کی کسی بھی صورتحال کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔
دوسری جانب نائب میئر شانِ ہند نے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ٹیپو سلطان ایک مجاہدِ آزادی تھے جنہوں نے انگریزوں کے خلاف جدوجہد کی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مہاراشٹر حکومت کے گزٹ میں ان کی یومِ پیدائش منانے کا ذکر موجود ہے اور بعض بی جے پی رہنماؤں نے بھی تسلیم کیا ہے کہ انہوں نے انگریزوں کے خلاف لڑائی لڑی تھی۔
بڑھتی ہوئی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے مداخلت کی اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے پیشِ نظر نائب میئر کے دفتر سے ٹیپو سلطان کی تصویر ہٹا دی گئی۔ تاہم تصویر ہٹائے جانے کے بعد بھی مالیگاؤں میں اس معاملے پر سیاسی ردعمل کا سلسلہ جاری ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!