مہاراشٹر

بالاپور:مکتب اشاعتُ العلوم کا چوتھا عظیم الشان عمومی اجلاس و انعامی تقسیم! علم و روحانیت سے معمور، ایک نہایت پُراثر اور اصلاحی اجتماع!

بالاپور: (بذریعہ ذاکر احمد) :مکتب اشاعتُ العلوم، کاغذی پورہ کی جانب سے چوتھا عظیم الشان عمومی اجلاس اور انعامی تقسیم کی پُروقار تقریب جمعہ، 13 فروری 2026 کو نمازِ مغرب کے بعد، کاٹن مارکیٹ میدان، بس اسٹینڈ کے پیچھے، منعقد کی گئی۔ اس بابرکت اور پُراثر پروگرام میں علمائے کرام، شہر کے معزز شہری، سرپرست، والدین اور بڑی تعداد میں عوام نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔
اس اجلاس کا موضوع “مثالی رہنما، سچا محسن اور بہترین راہنما کی عملی مثال” رکھا گیا تھا۔ پروگرام کی صدارت حضرت مولانا مفتی محمد اشفاق صاحب (ناظم و ٹرسٹی، بدرالصفا برادری، بھساول) نے فرمائی، جبکہ مرکزی خطاب حضرت مولانا محمد اخلاق صاحب (ڈائریکٹر، جامعہ بدرالصفا، بھساول) نے کیا۔ انہوں نے اپنے مؤثر خطاب میں قرآنِ کریم کی تعلیم کی اہمیت، بچوں کی دینی و اخلاقی تربیت اور والدین کی ذمہ داریوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ جس سے حاضرین کے دلوں میں دینی شعور اور علم حاصل کرنے کا جذبہ مزید بیدار ہوا۔BALAPUR ISHATUL ULOOM 02
پروگرام کی ایک نمایاں خصوصیت یہ رہی کہ سال 2026 میں مکتب اشاعتُ العلوم کے 32 طلبہ نے ناظرہ قرآنِ شریف مکمل کیا، جنہیں اسٹیج پر بلا کر اسناد اور انعامات سے نوازا گیا۔ اسی طرح سال بھر باقاعدگی سے مکتب میں حاضر رہنے والے طلبہ کی بھی حوصلہ افزائی کے طور پر انعامات دیے گئے۔ مکتب کے بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے دینی و تعلیمی پروگراموں نے حاضرین کے دل موہ لیے اور انہیں بھرپور داد و تحسین حاصل ہوئی۔پروگرام کی نظامت و نگرانی حضرت مولانا محمد اسماعیل صاحب اشاعتی بالاپوری (معلم، مکتب اشاعتُ العلوم و صدر، ٹرسٹ مسجد) نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دی۔ انہوں نے تمام مہمانوں، سرپرستوں اور اہلِ محلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اجتماعی تعاون، اخلاص اور قربانی کا نتیجہ ہے۔
تقریب کے اختتام پر کاغذی پورہ، بلوچ پورہ، ڈانگ پورہ اوربالاپور کے تمام دین دوست شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے مکتب سے وابستہ رکھیں اوراس عظیم مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
آخر میں اجتماعی دعا کی گئی، جس میں شہر کی ترقی، امن و سکون، بھائی چارہ، دینی بیداری اور پوری اُمتِ مسلمہ کی فلاح و کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ بلاشبہ یہ عظیم الشان اجتماع بالاپور کی دینی و تعلیمی تاریخ میں ایک سنہرا اور قابلِ فخر باب ثابت ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!