مہاراشٹر

ناگپور: انجمن گرلز ڈگری کالج آف آرٹس، صدر، ناگپورمیں انٹرکالج مضمون نویسی مقابلہ

ناگپور: (بذریعہ ای میل) :انجمن حامیِ اسلام کے زیرِ انتظام انجمن گرلز ڈگری کالج آف آرٹس، صدر، ناگپور (ملحقہ راشٹر سنت تکڈوجی مہاراج ناگپور یونیورسٹی) میں 14 فروری 2026 کو ایک پروقار بین الکلیاتی مضمون نویسی مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ یہ علمی تقریب کالج کے شعبہ اردو، شعبہ لائبریری اور آئی کیو اے سی (IQAC) سیل کے باہمی اشتراک اور مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے مالی تعاون سے منعقد ہوئی۔ اس مقابلے کا عنوان "اردو زبان کے فروغ میں اردو اخبارات و رسائل کا کردار” رکھا گیا تھا، جس میں مختلف کالجوں کی طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کی صدارت کالج کی پرنسپل ڈاکٹر شاہدہ شیخ نے فرمائی، جبکہ مہمانانِ خصوصی کے طور پر ڈاکٹر شرف الدین ساحل اور جناب نظام الدین انصاری شریک ہوئے۔
پروگرام کے دوران ڈاکٹر شرف الدین ساحل، شمیم اعجاز اور ریحان کوثر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اردو صحافت کی اہمیت اور زبان کی ترویج میں اس کے کردار پر بصیرت افروز تقریریں پیش کیں۔ صدارتی خطاب میں پرنسپل ڈاکٹر شاہدہ شیخ نے طالبات کی علمی صلاحیتوں کی ستائش کی اور انہیں مطالعے کی جانب راغب ہونے کی تلقین کی۔ تحریر کردہ مضامین کی جانچ اور منصفی کے فرائض شمیم اعجاز، ریحان کوثر اور محب الامین نے نہایت ذمہ داری سے انجام دیے۔
پورے پروگرام کی نظامت ڈاکٹر انجم آرا، صدر شعبہ اردو نے نہایت خوش اسلوبی سے کی، جبکہ پروگرام کی انچارج اور آئی کیو اے سی سیل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر روحینہ کوثر سید نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہدیہ تشکر پیش کیا۔ تقریب کے اختتام پر نتائج کا اعلان کیا گیا۔ ڈگری کالج سے ثانیہ پروین (بی اے سال دوم، مورس کالج) نے پہلا اور شمع پروین (بی اے سال اول، ام سلمہ کالج) نے دوسرا انعام حاصل کیا۔ اسی طرح پی جی کالج زمرے میں پہلا انعام عالیہ انم (ایم اے سال دوم، مورس کالج) اور دوسرا انعام عظیم اقبال (سال دوم، مورس کالج) نے حاصل کیا۔ انعام یافتہ طالبات کو مومنٹو اور نقد انعامات سے نوازا گیا، جبکہ مقابلے میں شامل تمام طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔
پروگرام کو کامیاب بنانے میں لائبریری کمیٹی کے ممبران ڈاکٹر ناہید سوری اور ڈاکٹر سمینہ پروین نے بھرپور تعاون دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!