بالاپور: حالاتِ حاضرہ کے تناظر میں جامع خطابِ جمعہ؛ SIR کے حوالے سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی تلقین، آئینی حقوق و ذمہ داریوں سے آگاہ رہنے پر زور

بالاپور: (کاوش جمیل نیوز) :ملک میں جاری موجودہ حالات اور خصوصی انتخابی نظرِ ثانی (SIR) کے پیشِ نظر بالاپور میں منعقدہ خطابِ جمعہ میں عوام کو اپنے آئینی حقوق، شہری ذمہ داریوں اور انتخابی عمل سے متعلق بیدار رہنے کی تلقین کی گئی۔
خطاب کرتے ہوئے مولانا اسماعیل اشاعتی نے کہا کہ موجودہ حالات ہر باشعور شہری سے تقاضا کرتے ہیں کہ وہ جذبات کے بجائے حکمت، اتحاد اور قانون کی پاسداری کا راستہ اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ SIR (Special Intensive Revision) کے عمل کو صحیح طور پر سمجھنا، اپنی انتخابی معلومات کی بروقت جانچ کرنا اور ضروری دستاویزات مکمل رکھنا ہر ووٹر کی ذمہ داری ہے۔
مولانا اسماعیل اشاعتی نے واضح کیا کہ انتخابی فہرست میں نام کی موجودگی، مطلوبہ دستاویزات کی بروقت تکمیل اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنا ہر شہری کا آئینی حق بھی ہے اور قومی فریضہ بھی۔ انہوں نے حاضرین سے اپیل کی کہ وہ افواہوں، غیر مصدقہ خبروں اور اشتعال انگیز اطلاعات سے مکمل اجتناب کریں اور صرف مستند ذرائع سے حاصل شدہ معلومات پر ہی اعتماد کریں۔
انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ حالات میں صبر، اتحاد، باہمی اخوت، قومی یکجہتی اور قانون کا احترام ہی امن و استحکام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے خصوصی اپیل کی کہ وہ اپنے اہلِ خانہ اور محلے کے دیگر افراد کو بھی انتخابی فہرستوں کی جانچ اور ضروری کارروائی بروقت مکمل کرنے کی ترغیب دیں۔
خطاب کے اختتام پر ملک میں امن و امان، بھائی چارے، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکائے اجتماع نے اس خطاب کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے عوامی بیداری کے لیے انتہائی مؤثر اور رہنمائی فراہم کرنے والا بیان بتایا-




