ممبئی یونیورسٹی کی جانب سے ڈاکٹر محمد محسن امین کو ’’پیکرِ تدریس ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا

اکولہ: (ڈاکٹر ذاکر نعمانی) :عنبرین اردو پرائمری اسکول اکولہ کے فعال معلم اور اُردو لسانی کمیٹی بال بھارتی کے رکن ڈاکٹر محمد محسن امین کو درس و تدریس کے میدان میں نمایاں اور گراں قدر خدمات کے اعتراف میں ممبئی یونیورسٹی کی جانب سے ’’پیکرِ تدریس ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔یہ اعزاز ممبئی یونیورسٹی اردو ڈپارٹمنٹ ، روٹس آف کائنڈنیس ممبئی اور اردو چینل کے باہمی اشتراک سے منعقد سہہ روزہ ادبی و تعلیمی جشن ’’جشنِ اردو‘‘ کے موقع پر پیش کیا گیا۔ جشن اُردو 31 جنوری سے 2 فروری تک منعقد ہوا، جس میں مختلف علمی، ادبی اور ثقافتی تقاریب، مقابلے اور سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا۔جشنِ اردو کے پہلے دن، 31 جنوری کو منعقدہ ایک پُروقار اعزازی تقریب میں ریاستِ مہاراشٹر کے اُن اساتذہ کو تہنیتی مومنٹو پیش کیے گئے جنہوں نے درس و تدریس کے میدان میں نمایاں کارنامے انجام دیے ہیں۔ اسی تقریب میں ڈاکٹر محمد محسن امین کو ان کی علمی بصیرت، تدریسی خدمات اور اُردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے مسلسل جدوجہد کے اعتراف میں ’’پیکرِ تدریس ایوارڈ‘‘ سے سرفراز کیا گیا۔ یہ اعزاز دراصل اساتذہ کی اُن بے لوث کوششوں کا اعتراف ہے جو وہ معاشرے کی فکری اور تعلیمی تعمیر میں خاموشی سے انجام دیتے ہیں۔ایوارڈ ملنے پر خُصوصی طور سے نعیم فراز ،ڈاکٹر ذاکر نعمانی ،عنبرین اسکول کے صدر عارف سراور دوست احباب نے محسن امین کو مبارکباد پیش کی اور اپنی دعاؤں سے نوازا۔



