مہاراشٹر:اب ملاوٹ خوروں کی خیر نہیں، FDA کی ریاست بھرمیں سخت کارروائیاں؛ ایک کال پرشکایت کریں، تُکارام مُنڈے کریں گے کارروائی

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :مہاراشٹرمیں کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کے خلاف سخت گیر افسر تُکارام مُنڈے نے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) کے کمشنر کا عہدہ سنبھالتے ہی بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ اس کے نتیجے میں عوام کے سامنے ایسے چونکا دینے والے حقائق آ رہے ہیں جن سے معلوم ہوتا ہے کہ کچھ لوگ ناجائز منافع کمانے کے لیے عوام کی صحت اور جانوں سے کس طرح کھیل رہے ہیں۔
گزشتہ صرف چھ دنوں کے دوران ریاست بھر میں 203 سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے، جبکہ 102 ملاوٹ کرنے والوں کو گرفتار کیا گیا۔ اسی دوران 68 دکانوں اور ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کر دیا گیا۔
آئی اے ایس افسر تُکارام مُنڈھے نے FDA کمشنر کی حیثیت سے چارج سنبھالنے کے بعد ممنوعہ گٹکھا، پان مصالحہ، دودھ، پنیر، مٹھائیاں اور کھویا ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیوں کا آغاز کیا ہے۔
مہاراشٹر FDA کے کمشنر کی حیثیت سے عہدہ سنبھالنے کے بعد تُکارام مُنڈھے نے عوامی صحت کے تحفظ کے لیے "Safe Food, Safe Drugs, Safe Maharashtra” کا نعرہ دے کر کام شروع کیا ہے۔
انہوں نے واضح انتباہ دیا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو قانون سے بچنے کا کوئی موقع نہیں دیا جائے گا۔
اب اگر کسی شہری کو کسی بھی غذائی شے میں ملاوٹ کے بارے میں شکایت کرنی ہو تو وہ اپنی شکایت براہِ راست انتظامیہ تک پہنچا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے FDA نے ٹول فری نمبر اور ای میل جاری کیا ہے، جہاں شہری اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔
گزشتہ چند مہینوں کے دوران فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی کارروائیوں میں کمی دیکھی گئی تھی اور محکمہ پر سستی و بدعنوانی کے الزامات بھی لگائے گئے تھے۔ اسی پس منظر میں 25 مئی کو تُکارام مُنڈھے کو FDA کا کمشنر مقرر کیا گیا۔ عہدہ سنبھالتے ہی انہوں نے غذائی ملاوٹ کے خلاف بڑے پیمانے پر مہم شروع کر دی ہے۔
شکایت کے لیے رابطہ کریں:
📞 ٹول فری نمبر: 1800222365
📧 ای میل: jc-foodhq@gov.in




