ممبئی میں شیو سینا کے امیدوارحاجی سلیم قریشی پرجان لیوا حملہ، باندرہ کے گیانیشور نگر میں خونی واردات؛حالت نازک

ممبئی (کاوشِ جمیل نیوز) :ریاست بھر میں میونسپل کارپوریشن انتخابات کی گہماگہمی جاری ہے، اسی دوران ناخوشگوار واقعات بھی سامنے آ رہے ہیں۔ اورنگ آباد میں سابق رکنِ پارلیمان امتیاز جلیل کی گاڑی پر حملے کی کوشش کا معاملہ ابھی تازہ ہی تھا کہ اب ممبئی سے ایک اور چونکا دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی شیو سینا کے ایک امیدوار پر نامعلوم شخص کی جانب سے جان لیوا حملہ کیے جانے کی اطلاع ملی ہے، جس سے علاقے میں زبردست سنسنی پھیل گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ممبئی کے باندرہ علاقے میں شندے گروپ کی شیو سینا کے امیدوار پر حملہ کیا گیا ہے۔ ممبئی کے وارڈ نمبر 92 سے میونسپل کارپوریشن الیکشن لڑنے والے امیدوار حاجی سلِیم قریشی پر نامعلوم شخص نے چاقو سے حملہ کر کے ان کے پیٹ میں وار کیا۔ یہ واقعہ باندرہ کے گیانیشور نگر علاقے میں پیش آیا۔
واقعے کے فوراً بعد شیو سینا کے کارکنان زخمی حالت میں حاجی سلِیم قریشی کو فوری طور پر اسپتال لے گئے، جہاں ان کا علاج مہاتما گاندھی اسپتال میں جاری ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور ان پر کڑی نگرانی رکھی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وارڈ نمبر 92 سے کل 15 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ شندے کی شیو سینا کی جانب سے حاجی سالِم قریشی امیدوار ہیں، جبکہ شیو سینا (ٹھاکرے گروپ) سے ارون کامبلے میدان میں ہیں۔ کانگریس کی جانب سے ابراہیم قریشی، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) سے یوسف ماڈی اور سماجوادی پارٹی سے شبانہ وکیل خان امیدوار ہیں۔
اس جان لیوا حملے کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے اور سکیورٹی پر بھی سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی ہے اور حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔ واقعے کے پس منظر اور محرکات کی جانچ کی جا رہی ہے۔



