مہاراشٹر

بھیونڈی میں چارمنزلہ عمارت منہدم، 9 افراد جاں بحق، کئی افراد ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ؛ریسکیو آپریشن جاری

بھیونڈی: 30 جولائی 2026 کی رات مہاراشٹر کے ضلع تھانہ کے بھونڈی تعلقہ کے نارپولی علاقے کے بالاجی نگر، گنگارام واڑی میں واقع کوہِ نور عمارت (گراؤنڈ پلس چار منزلہ) اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ کئی افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
این ڈی آر ایف (NDRF) کی ٹیموں نے امدادی کارروائی کے دوران ایک خاتون کو زندہ ملبے سے باہر نکالا، جبکہ اب تک آٹھ افراد کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔ گزشتہ رات سے بھاری مشینری، فائر بریگیڈ اور شوان دستے (ڈاگ اسکواڈ) کی مدد سے ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق عمارت میں مرمت اور ڈاگڈوجی کا کام جاری تھا، اسی دوران عمارت کا ‘بی وِنگ’ رات تقریباً 11:00 سے 11:30 بجے کے درمیان اچانک زمین بوس ہوگیا۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ مرمت کا کام کرنے والے مزدور عمارت کے اندر موجود تھے اور انہی کے ملبے تلے دبنے کا خدشہ ہے۔
یہ عمارت اس سے قبل بھیونڈی-نظام پور میونسپل کارپوریشن کی جانب سے خطرناک قرار دی جا چکی تھی۔ عمارت میں مجموعی طور پر 48 کمرے تھے، ہر منزل پر 12 کمرے موجود تھے۔2000 JOINING URDU POSTER
مقامی لوگوں کے مطابق رات 8:00 سے 9:00 بجے کے درمیان عمارت سے چرچراہٹ اور دراڑوں کی آوازیں آنے لگیں، جس پر کچھ خاندانوں کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، تاہم چند افراد اندر ہی رہ گئے۔ جب وہ باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے، اسی دوران عمارت کا بی وِنگ اچانک منہدم ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، این ڈی آر ایف، بھیونڈی فائر ٹیم، پولیس، شوان دستہ، دو ایمبولینسیں اور ایک جے سی بی موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ واقعہ کے وقت منڈل افسر بھوجنے بھاؤ صاحب، بھوئی واڑا پولیس اسٹیشن کے اہلکار، سابق کارپوریٹر بھگوان تاورے اور بڑی تعداد میں مقامی شہری بھی موقع پر موجود تھے۔
بھونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کے میئر نارائن چودھری نے کہا:”بھیونڈی میں ایسی کئی عمارتیں موجود ہیں جنہیں خطرناک قرار دیا جا چکا ہے۔ ہماری اولین ترجیح ملبے تلے دبے افراد کو بحفاظت نکالنا ہے۔ میں ایسے تمام رہائشیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ خطرناک عمارتیں فوری طور پر خالی کر دیں تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔”
اب تک شناخت ہونے والے جاں بحق افراد
صبح 9:30 بجے تک آئی جی ایم اسپتال میں لائی گئی لاشوں کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
شمیم شیخ (عمر 32 سال)
رنجیت سنگھ (عمر 45 سال)
نامعلوم
معراج رسول شیخ (عمر 34 سال)
سنتوش کمار پانڈے (عمر 42 سال)
شمیم انصاری (عمر 30 سال)
نامعلوم
نویں لاش بھی بعد میں برآمد کر لی گئی ہے، جس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے، جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر امدادی کارروائیوں میں تیزی لائی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!