مہاراشٹر اردو اکادمی کے کارگزار صدر حسین اختر صاحب سے محمد فرحان امین کی وزارتِ عظمیٰ (منترالیہ) میں یادگار ملاقات;اردو زبان کے فروغ، تعلیمی ترقی اور ادبی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم تبادلۂ خیال

اکولہ (نمائندہ) :مہاراشٹر اردو اکادمی کے کارگزار صدر جناب حسین اختر صاحب سے راشٹروادی اسٹوڈنٹ کانگریس کے ریاستی سیکریٹری محمد فرحان امین نے ممبئی کے منترالیہ میں ایک خوشگوار اور یادگار ملاقات کی۔ اس موقع پر ریاستِ مہاراشٹر میں اردو زبان کے فروغ، تعلیمی ترقی، ادبی سرگرمیوں کے فروغ اور نوجوان نسل میں اردو کے رجحان کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران محمد فرحان امین نے اردو طلبہ، اساتذہ، ادباء اور شعراء کو درپیش مختلف مسائل سے بھی صدرِ اکادمی کو آگاہ کیا اور اردو زبان و ادب کی ترقی کے لیے نئی تجاویز پیش کیں۔ اس کے علاوہ ادبی پروگراموں، سیمینارز، مشاعروں اور نوجوانوں کے لیے تربیتی و رہنمائی پروگرام منعقد کرنے پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
صدرِ مہاراشٹر اردو اکادمی جناب حسین اختر صاحب نے اردو زبان کے تحفظ اور فروغ کے لیے اکادمی کی جانب سے جاری مختلف منصوبوں پر روشنی ڈالی اور مستقبل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر محمد فرحان امین نے کہا کہ اردو صرف ایک زبان نہیں بلکہ ہماری تہذیب، ثقافت اور مشترکہ وراثت کی علامت ہے، اور اس کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ملاقات کے مثبت نتائج مستقبل میں اردو زبان کی ترقی کے لیے سودمند ثابت ہوں گے۔




