بارسی ٹاکلی،خدمتِ حجاج کمیٹی کے زیرِ اہتمام منتخب عازمینِ حج کے لیے تربیتی کیمپ کا انعقاد؛ حج 2027 کی تیاریوں کے سلسلے میں عازمینِ حج کو ضروری رہنمائی

اكولہ: (ڈاکٹر ذاکر نعمانی) :خدمتِ حجاج کمیٹی، بارسی ٹاکلی کی جانب سے حج 2027 کے لیے منتخب ہونے والے 51 خواتین و حضرات عازمینِ حج کے لیے گزشتہ اتوار مسجد ابوبکر، حالوپورہ، بارسی ٹاکلی میں ایک روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تربیتی کیمپ صبح 11:00 بجے سے دوپہر 1:30 بجے تک جاری رہا۔تربیتی کیمپ میں عازمینِ حج کو حج کے تمام اہم ارکان، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے سفر، احرام، طواف، سعی، منیٰ، عرفات، مزدلفہ اور دیگر ضروری دینی و عملی امور کے بارے میں تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی۔ اس کے علاوہ دورانِ سفر اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر اور انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر الحاج مفتی سعد اللہ خان قاسمی، الحاج مرزا جعفر بیگ اور الحاج عبدالصبور خان نے بطورِ تربیت کار شرکت کرتے ہوئے عازمینِ حج کی رہنمائی کی اور ان کے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔تقریب میں حاجی سید نفیس، حاجی ڈاکٹر غفران احمد خان، حاجی سید عرفان پہلوان، حاجی محمد ساجد (زم زم میڈیکل)، حاجی محمد فاروق (بلڈنگ میٹریل سپلائر)، حاجی ڈاکٹر محمد حاتم، حاجی ڈاکٹر سہیب الدین، حاجی عبدالقادر خان، عدنان خان سمیت کمیٹی کے دیگر عہدیداران اور اراکین بھی موجود تھے۔ حج 2026 کی سعادت حاصل کرنے والے حجاجِ کرام نے اپنے اپنے تجربات بیان کیے اور دورانِ حج پیش آنے والے عملی مشاہدات و رہنمائی عازمینِ حج کے ساتھ شیئر کی، جس سے نئے عازمین کو بھرپور رہنمائی حاصل ہوئی۔تربیتی کیمپ کے اختتام پر تمام حاضرین اور عازمینِ حج کے لیے طعام کا بھی اہتمام کیا گیا۔خدمتِ حجاج کمیٹی کے ذمہ داران نے بتایا کہ اس نوعیت کے تربیتی پروگراموں کا مقصد عازمینِ حج کو مناسکِ حج سے صحیح طور پر واقف کرانا، ان کی مکمل رہنمائی کرنا اور ان کے سفرِ حج کو آسان، منظم اور کامیاب بنانا ہے۔کمیٹی نے مزید بتایا کہ حج 2027 کے لیے ہندوستانی حج کمیٹی کے ذریعے مجموعی طور پر 61 افراد نے درخواستیں جمع کرائی تھیں، جن میں سے 51 عازمینِ حج کا انتخاب عمل میں آیا، جو بارشی ٹاکلی کے لیے ایک خوش آئند اور قابلِ ذکر کامیابی ہے۔




