مہاراشٹر: پوتر پورٹل کے ذریعے اساتذہ بھرتی کا آغاز؛ ریاست میں 30 ہزار سے زائد اساتذہ کی بھرتی، 1.70 لاکھ امیدواردوڑمیں شامل؛ TAIT-2025 کی بنیاد پراساتذہ بھرتی

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :ریاست مہاراشٹرمیں ضلع پریشد، میونسپل کارپوریشن، نگر پالیکا، قبائلی ترقی محکمہ، سرکاری اسکولوں اور نجی تعلیمی اداروں میں 30 ہزار 209 اساتذہ اور شکشن سیوک (Education Sevak) کی آسامیوں پر بھرتی کے عمل کا آغاز جمعرات سے پوتر (Pavitra) پورٹل کے ذریعے کر دیا گیا ہے۔
اس بھرتی کے لیے 1 لاکھ 70 ہزار 108 امیدواروں نے اپنا سیلف سرٹیفیکیشن مکمل کیا ہے، جس کی وجہ سے سخت مقابلہ متوقع ہے۔
یہ تقرریاں "ٹیچر ایپٹیٹیوڈ اینڈ انٹیلیجنس ٹیسٹ (TAIT-2025)” میں حاصل کردہ نمبروں کی بنیاد پر کی جائیں گی۔ ریاستی حکومت کی پالیسی کے مطابق متعلقہ اداروں کی خالی آسامیوں اور ریزرویشن کو مدنظر رکھتے ہوئے 80 فیصد آسامیوں پر تقرری عمل میں لائی جا رہی ہے۔ اس سے قبل اس بھرتی کے لیے 2 لاکھ 28 ہزار 808 امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا تھا، جن میں سے 2 لاکھ 11 ہزار 308 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے تھے۔
6 تا 11 اگست ترجیحی انتخاب لازمی
امیدواروں کے لیے 6 اگست سے 11 اگست کے درمیان اپنی ترجیح (Preference) درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس کے لیے امیدوار TAIT-2025 کے پورٹل پر لاگ اِن کرکے پہلے اداروں کی ترجیح اور اس کے بعد آسامیوں کی ترجیح درج کریں اور 11 اگست سے پہلے اسے حتمی شکل دیں۔ اگر کوئی امیدوار مقررہ مدت میں اپنی ترجیحات فائنل نہیں کرتا تو وہ آئندہ انتخابی عمل میں شامل نہیں ہو سکے گا۔ اس سلسلے میں امیدواروں کو SMS کے ذریعے بھی اطلاع دی جا رہی ہے۔
ترجیحات درج کرنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد جن آسامیوں کے لیے انٹرویو نہیں لیا جاتا، ان کے لیے میرٹ لسٹ جاری کی جائے گی۔
بھرتی کے دوران کسی بھی قسم کی دشواری یا رہنمائی کے لیے امیدوار edupavitra25@gmail.com پر ای میل کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔
آسامیوں کی تفصیل
ضلع پریشد: 13,351 آسامیاں
میونسپل کارپوریشن: 1,954
نگر پالیکا/نگر پریشد: 280
قبائلی ترقی محکمہ: 2,421
سرکاری اسکول: 56
نجی تعلیمی ادارے: 12,148
جماعت وار آسامیوں کی تعداد
جماعت اول تا پنجم: 14,320
جماعت ششم تا ہشتم: 10,012
جماعت نہم تا دہم: 5,513
جماعت یازدہم تا دوازدہم: 364
ریاستی حکومت کی جانب سے اساتذہ بھرتی کے اس مرحلے کو شفاف اور آن لائن نظام کے ذریعے مکمل کیا جا رہا ہے، جس سے امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر تقرری کا موقع حاصل ہوگا۔



