بالاپور: بارش کے رک جانے کی وجوہات پرمولانا اسماعیل کا اہم پیغام؛ قرآن وحدیث کی روشنی میں توبہ، استغفاراوردعا کی تلقین

بالاپور : (ذاکر احمد) :قاضی پورہ واقع بلدار حافظ مسجد کے امام و خطیب اور شیخ الحدیث مولانا اسماعیل اشاعتی نے جمعہ 12 جون 2026 کے اپنے خصوصی پیغام میں بارش میں تاخیر اور خشک سالی جیسے حالات کے حوالے سے قرآن و حدیث کی روشنی میں اہم رہنمائی پیش کی ہے۔
مولانا نے فرمایا کہ قرآن و حدیث کے مطابق گناہوں کی کثرت، اللہ تعالیٰ کی نافرمانی، ظلم، دھوکہ دہی، حقوق العباد کی پامالی اور معاشرے میں بڑھتی ہوئی برائیاں بعض اوقات اللہ تعالیٰ کی ناراضگی کا سبب بنتی ہیں، جس کے نتیجے میں بارش جیسی رحمتیں روک لی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں ہر مسلمان کو اپنے اعمال کا محاسبہ کرنا چاہیے اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ بارش نہ ہونے کا علاج صرف ظاہری اور دنیاوی تدابیر میں نہیں بلکہ سچی توبہ، استغفار، نمازوں کی پابندی، صدقہ و خیرات، محتاجوں کی مدد اور اللہ تعالیٰ سے گڑگڑا کر دعا مانگنے میں بھی پوشیدہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اجتماعی طور پر اپنے اعمال کی اصلاح کریں اور اللہ تعالیٰ کی رحمت کے طلبگار بنیں۔
مولانا اسماعیل اشاعتی نے صلاۃ الاستسقاء (نمازِ باراں)، استغفار اور اجتماعی دعاؤں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب بندے اخلاص کے ساتھ اپنے رب کے حضور جھکتے ہیں تو اللہ تعالیٰ اپنی رحمتوں اور برکتوں کے دروازے کھول دیتا ہے۔ ان کے اس پیغام کو علاقے کے دینی اور سماجی حلقوں میں سنجیدگی سے سنا جا رہا ہے۔




