شعیب ہاشمی نے”سیرت نگاری” میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی

اورنگ آباد: (پریس ریلیز) :ایم جی ایم (MGM) یونیورسٹی، اورنگ آباد کے شعبۂ اردو میں تحقیق کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل طے کرتے ہوئے محقق ،صحافی اور قلمکار شعیب ہاشمی کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی ہے۔ ان کے تحقیقی مقالے کا عنوان ”1980ء کے بعد سیرت نگاری کا تجزیاتی مطالعہ (نمائندہ سیرت نگاروں کے حوالے سے)“ ہے۔شعیب ہاشمی نے اس مقالے میں 1980 کے بعد اردو زبان میں سیرتِ طیبہ ﷺ پر ہونے والے علمی، فکری اور ادبی رجحانات کا گہرائی سے تجزیہ پیش کیا ہے۔ اُنہوں نے اس دور کے نمایاں سیرت نگاروں اور ان کی تحریروں کو تحقیقی زاویے سے پرکھتے ہوئے سیرت نگاری کے ارتقائی سفر، اسلوب، مقاصد اور اثرات کو مدلل انداز میں پیش کیا ہے۔ اُن کا کام اردو سیرت نگاری کے معاصر منظرنامے کو سمجھنے میں ایک قیمتی اضافہ ثابت ہوگا۔شعیب ہاشمی کا تحقیقی مقالہ اپنے منفرد انداز، غیر جانبدار تجزیے اور مستند حوالہ جات کی بنا پر اردو تحقیق میں ایک اہم حوالہ بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے نہ صرف معاصر سیرت نگاروں کی کاوشوں کا جائزہ پیش کیا، بلکہ اردو زبان میں سیرتِ نبوی ﷺ کے نئے فکری رجحانات کو بھی مؤثر انداز میں اجاگر کیا ہے۔ ان کا یہ تحقیقی کارنامہ طلبہ، محققین اور سیرت کے قارئین کے لیے ایک قیمتی رہنما ثابت ہوگا۔
ایم جی ایم یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے “وائی وا” کا انعقاد ایک باوقار تقریب کی صورت میں عمل میں آیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے چانسلر انکش راو کدم، وائس چانسلر پروفیسر ولاس سپکال، شعبہ سماجی و انسانی علوم کی ڈین ڈاکٹر ریکھا شیلکے، کنٹرولر آف اگزامنیشن پروفیسر ایچ ایچ شندے، رجسٹرار، اور سبجیکٹ ایکسپرٹ کے طور پر ڈاکٹر عبدللہ امتیاز (صدر شعبہ اردو، ممبئی یونیورسٹی) موجود تھے۔وائی وا کا آغاز ریسرچ گائیڈ ڈاکٹر اسود گوہر نے تمہیدی کلمات کے ساتھ کیا۔ ریسرچ اسکالر ہاشمی سید شعیب نے اپنے تحقیقی موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی اور مہمانان و ماہرین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے مدلل، واضح اور اطمینان بخش جوابات دیے۔
سبجیکٹ ایکسپرٹ ڈاکٹر عبدللہ امتیاز نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ شعیب ہاشمی نے نہایت عرق ریزی اور سنجیدگی سے اس اہم موضوع پر تحقیق کی ہے، اور ان کا مقالہ نئی نسل، اساتذہ، اور محققین کے لیے ایک قیمتی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے۔ڈین ڈاکٹر ریکھا شیلکے نے شعیب ہاشمی کو ڈاکٹر آف فلاسفی کی سند کا اعلان کرتے ہوئے ان کے تحقیقی موضوع کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس پُروقار موقع پر پروفیسر سلیم محی الدین، نور الحسنین، ڈاکٹر نوید قاضی، ڈاکٹر تنویر، ڈاکٹر مسرت فاطمہ، ڈاکٹر اشفاق احمد، یاسر احمد، محسن خان، ڈاکٹر شاہین فاطمہ سمیت متعدد معزز مہمان بھی موجود تھے۔