اورنگ آباد: بابا پیٹرول پمپ کے قریب کار میں اچانک لگی آگ ؛ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں

اورنگ آباد: (کاوش جمیل نیوز) : جمعرات کی رات تقریباً 10 بج کر 5 منٹ پر شہر کے مصروف ترین علاقے بابا پیٹرول پمپ کے پاس ایک سفید کار میں اچانک آگ لگ گئی۔ واقعہ کے فوراً بعد جالنہ روڈ کی جانب جانے والی ٹریفک روک دی گئی۔
یہ گاڑی مین بس اسٹینڈ کی طرف سے آ رہی تھی۔ جیسے ہی کار پیٹرول پمپ کے قریب پہنچی، اچانک اس کے اگلے حصے سے شعلے بھڑک اٹھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے بونٹ سے اٹھتی آگ کی لپٹیں آسمان کی طرف جانے لگیں۔ موقع پر موجود لوگوں نے فوراً پاس ہی واقع میونسپل کارپوریشن کے پدمپورہ فائر اسٹیشن کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی ایک ٹیم اور فائر ٹینڈر فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچا۔ ادھر، واقعہ دیکھ کر آس پاس کے لوگوں کی بھیڑ جمع ہو گئی اور کئی افراد نے اپنے موبائل فون سے اس منظر کی ویڈیو بنانی شروع کر دی۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔



