مہاراشٹر: 21 دسمبر کو ہی ہوگی ووٹوں کی گنتی ! ہائی کورٹ کے بعد سپریم کورٹ کا فیصلہ برقرار

دہلی: (کاوش جمیل نیوز) :مہاراشٹر کی میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایتوں کے انتخابات 2 دسمبر کو ہوئے تھے، لیکن انتخابی عمل کے آخری 2 دنوں میں کچھ شہروں میں پولنگ کو بڑھا کر 20 دسمبر تک کر دیا گیا۔ اسی وجہ سے ووٹوں کی گنتی بھی 21 دسمبر کو کرنے کا فیصلہ لیا گیا تھا، جسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔
آج سپریم کورٹ نے صاف فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹوں کی گنتی 21 دسمبر کو ہی ہوگی۔ چیف جسٹس سوریا کانت اور جسٹس جوی مالیا باگچی نے ہدایت دی کہ پوری انتخابی کارروائی 31 جنوری سے پہلے مکمل ہو جانی چاہیے اور انتخابات کو کسی بھی وجہ سے مزید آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔
سپریم کورٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ اگر 20 دسمبر کی پولنگ کسی وجہ سے آگے بڑھی تب بھی 2 دسمبر کو ہوئی پولنگ کی گنتی 21 دسمبر کو ہی کرنا ضروری ہے۔ عدالت نے کہا کہ ہائی کورٹ میں زیر سماعت درخواستیں انتخابی عمل میں رکاوٹ نہیں بننی چاہئیں۔
اس سے پہلے 2 دسمبر کو بمبئی ہائی کورٹ کی ناگپور بینچ نے حکم دیا تھا کہ ریاست کی تمام 288 میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایتوں کی گنتی 21 دسمبر کو ہی کی جائے۔ پہلے گنتی 3 دسمبر کو ہونا طے تھی لیکن انتخابی شیڈول تبدیل ہونے کے بعد 2 اور 20 دسمبر کو ہوئی پولنگ کا مشترکہ نتیجہ اب 21 دسمبر کو سامنے آئے گا۔
الیکشن کمیشن کے اس فیصلے پر کئی سیاسی پارٹیوں نے اعتراض کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ گنتی 3 دسمبر کو ہی ہونی چاہیے۔ اسی کے خلاف ناگپور اور اورنگ آباد بینچ میں درخواستیں بھی دائر کی گئی تھیں۔



