مہاراشٹر

انجمن انوارالاسلام کے ہونہار طلبہ کی شاندار پذیرائی; ایم بی بی ایس اور انجینئرنگ میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کا پُروقار اعزاز؛ تعلیمی کامیابیوں پر خراجِ تحسین

بالاپور : (ذاکر احمد) :انجمن انوارالاسلام ہائی اسکول و جونیئر کالج، بالاپور کے ہونہار اور باصلاحیت طلبہ کی شاندار تعلیمی کامیابیوں کے اعزاز میں انجمن انوارالاسلام ٹرسٹ کی جانب سے ایک پُروقار تقریبِ تہنیت و اعزاز کا انعقاد عمل میں آیا۔ تقریب میں ایم بی بی ایس اور انجینئرنگ جیسے اہم پیشہ ورانہ شعبوں میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کی گل پوشی اور پذیرائی کی گئی۔
تقریب کے دوران طلبہ کی شبانہ روز محنت، مستقل مزاجی، عزمِ مصمم اور تعلیمی صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی یہ کامیابیاں نہ صرف ان کے والدین اور اساتذۂ کرام کے لیے باعثِ مسرت و افتخار ہیں بلکہ پورے بالاپور کے لیے بھی باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے طلبہ کے روشن مستقبل، بلند مقاصد اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
طبی شعبے میں نمایاں کامیابی
ایم بی بی ایس میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ میں اشل فاطمہ سید فاروق — جی ایم سی اکولہ، محمد ریحان شکیل احمد — اکولہ، محمد عمر ملک محمد آصف — جی ایم سی جلگاؤں، سید شِفان علی — واشم، اشنا تسنیم سعید احمد — جالنا، عفت فاطمہ — جالنا، ماج احمد سلیم احمد — جالنا اور الونیا انعم ڈاکٹر امجد خان — حیدرآباد شامل ہیں۔
ان طلبہ کی طبی شعبے میں کامیابی کو تقریب میں خصوصی طور پر سراہا گیا۔ مقررین نے امید ظاہر کی کہ یہ ہونہار نوجوان مستقبل میں اپنی علمی و فنی صلاحیتوں کو انسانیت کی خدمت اور معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے بروئے کار لائیں گے۔
انجینئرنگ کے میدان میں بھی کامیابی کا پرچم بلند
انجینئرنگ میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ میں سید سدیدالدین سید وحی الدین — ناگپور، رِدا فاطمہ محمد عبد الحمید — ناگپور، سیدہ ایفا ماہین سید عظمت الاسلام نقشبندی — ناگپور، سید مصعب زید سید جاوید — اکولہ، محمد مستفید احمد نیاز احمد — امراوتی، شِفان احمد دانش — ناگپور، آصف خان عارف خان — پونے، محمد عریب انصاری محمد مبین — خَم گاؤں اور محمد سفیان محمد سلیم — مانَو شامل ہیں۔
طلبہ کی اس شاندار کامیابی پر والدین اور اساتذہ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل محنت، نظم و ضبط، اساتذہ کی رہنمائی اور والدین کی دعائیں کامیابی کی بنیاد بنتی ہیں۔
معزز شخصیات کی شرکت سے تقریب کی رونق دوبالا
تقریب میں سابق رکنِ اسمبلی سید ناطق الدین خطیب، اسکول و ٹرسٹ کے صدر سید عین الدین خطیب، سید سالار، حاجی شیخ وزیر، ذکی میاں نقشبندی، پرنسپل امجد حسین، حاجی عبدالرحمان، مفتی اسلم، مولانا برکت اللہ خان، ایڈووکیٹ معین عمران خان، ڈاکٹر نور، عبدالرؤف سمیت ٹرسٹ کے عہدیداران، اساتذہ، والدین اور شہر کے معززین نے شرکت کی۔
معزز مہمانانِ گرامی نے کامیاب طلبہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تعلیم کے میدان میں مزید بلندیاں حاصل کرنے اور اپنی علمی صلاحیتوں کو قوم و ملت کی خدمت کے لیے وقف کرنے کی تلقین کی گئی۔
تقریب نے اس عزم کو مزید مستحکم کیا کہ علم، محنت اور عزمِ راسخ کے ذریعے نئی نسل اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے ساتھ ساتھ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کرسکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!