ہندوستان میں روایتی ادویات سے متعلق ڈبلیو ایچ او کا دوسرا عالمی اجلاس 17 تا 19 دسمبر،ممبئی میں 15 فروری کو یونانی کانفرنس متوقع

ممبئی:9 دسمبر(یواین آئی) :ہندوستان میں روایتی ادویات کے شعبے سے متعلق عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے زیر اہتمام دوسرے عالمی اجلاس کا انعقاد 17 تا 19 دسمبر 2025 کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں کیا جائے گا۔ اس کا اعلان ڈاکٹر مسرور قریشی، انچارج شعبہ یونانی ریسرچ نے ایک پریس کانفرنس میں کیا، جہاں ڈاکٹر حمیرا بانو اور ڈاکٹر نکہت شیخ بھی موجود تھیں۔ ڈاکٹر مسرور قریشی نے بتایا کہ اجلاس کی مشترکہ میزبانی وزارتِ آیوش اور عالمی ادارہ صحت کریں گے، اور اس میں 100 سے زیادہ ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔ اجلاس میں سائنسی توثیق، ڈیجیٹل صحت، حیاتیاتی تنوع، اور روایتی ادویات میں عالمی تعاون جیسے موضوعات پر غور کیا جائے گا۔
اس تعلق سے مرکزی وزیر مملکت پرتاپ راؤ جادھو نے بھی نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس روایتی ادویات کو جدید صحتی نظام کے ساتھ جوڑنے کی عالمی کوشش میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے ہندوستان کو روایتی ادویات میں عالمی رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ "آیوروید، یوگا، نیچروپیتھی، یونانی، سدھا اور ہومیوپیتھی جیسے نظام دنیا بھر میں جامع صحت کے معتبر ذرائع کے طور پر مانے جاتے ہیں۔” انہوں نے اعلان کیا کہ اجلاس کے دوران اشواگندھا پر ایک خصوصی سیشن بھی منعقد ہوگا، جس میں روایتی اور جدید سائنسی تحقیق کے تناظر میں اس کی افادیت پر بات ہوگی۔
ڈبلیو ایچ او کی سینئر مشیر ڈاکٹر پونم کھیترپال سنگھ نے کہا کہ "یہ دوسرا عالمی اجلاس قومی صحتی نظاموں میں روایتی اور تکمیلی طب کے محفوظ اور مؤثر انضمام کے لیے عالمی حکمتِ عملی کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرے گا۔” اجلاس کے اختتام پر ہندوستان کے وزیر اعظم کی شرکت متوقع ہے، جبکہ 15 فروری 2026 کو یونانی کانفرنس ممبئی میں منعقد کی جائے گی۔ یواین آئی/ اے اے اے



