مرہٹواڑہ کالج آف ایجوکیشن میں POSH اور POCSO قوانین سے متعلق آگاہی پروگرام کا انعقاد

اورنگ آباد: مورخہ 09/12/2025 کو مرہٹواڑہ کالج آف ایجوکیشن، ڈاکٹر رفیق ذکریا کیمپس، روزہ باغ، اورنگ آباد میں پولیس انسپکٹر، سٹی چوک پولیس اسٹیشن، محترمہ نِرملا پردیسی نے POSH اور POCSO قوانین کے حوالے سے بی۔ایڈ کے معلم تربیت یافتگان کو رہنمائی فراہم کی۔ پروگرام کی صدارت کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر شیخ عمران رمضان نے کی۔ پروگرام کا افتتاحی کلمات IQAC کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر کنیز فاطمہ نے پیش کیے۔ ڈاکٹر خان زینت مظفر نے مہمانِ خصوصی کا تعارف کرایا۔
محترمہ نِرملا پردیسی نے اسکولوں اور معاشرے میں 18 سال سے کم عمر لڑکیوں اور لڑکوں پر ہونے والے ظلم و زیادتی کی روک تھام اور کسی بھی ناگہانی واقعہ کی صورت میں قانونی طور پر انصاف حاصل کرنے کے طریقۂ کار پر مفصل رہنمائی کی۔ نیز بچوں اور بچیوں کے ساتھ کس طرزِ عمل سے پیش آنا چاہیے، اور اُن میں آگاہی کیسے پیدا کی جائے، اس پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے جرائم کے واقع ہونے پر کسی بھی قسم کے مذہب، ذات، نسل یا فرقے کی تفریق کیے بغیر فوری مدد کرنی چاہیے اور بروقت پولیس سے رابطہ کرنا چاہیے۔ کام کاج کی جگہ(Workplace) پر خواتین کی حفاظت اور ان پر ہونے والی زیادتی کے خلاف آئین میں موجود قوانین سے متعلق بھی انہوں نے جامع معلومات دیں۔ اس موقع پر پروفیسر خورشید انصاری اور پروفیسر مرزا محفوظ بیگ اسٹیج پر موجود تھے۔ صدارتی خطاب میں پرنسپل شیخ عمران رمضان نے طلبہ کو ان کے حقوق و فرائض سے آگاہ کیا۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر ذکی الدین سہیل نے کی، جبکہ شکریہ کی رسم ڈاکٹر شیخ تہمینہ ناز نے ادا کی۔ پروگرام میں بی۔ایڈ کے پہلے اور دوسرے سال کے طلبہ کے علاوہ اساتذہ اور غیر تدریسی عملے نے شرکت کی۔



