مہاراشٹر

کانگریس کے سینئر لیڈر ہدایت پٹیل کا مسجد کے باہر بے رحمانہ قتل، اجیت پوار گروپ کے ضلع صدر سمیت پانچ افراد پر کیس درج، سیاسی سازش کا الزام

اکولہ: (کاوش جمیل نیوز) :مہاراشٹر کانگریس کے سینئر لیڈر اور ریاستی نائب صدر ہدایت پٹیل پر ہونے والے جان لیوا حملے کے بعد علاج کے دوران ان کا انتقال ہو گیا ہے۔ منگل (6 جنوری) کو اکولہ ضلع کے اکوٹ تعلقہ کے موہالا گاؤں میں نمازِ ظہر کے بعد مسجد سے باہر نکلتے وقت ان پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا گیا تھا۔ اس وحشیانہ حملے میں وہ شدید زخمی ہو گئے تھے، جنہیں فوری طور پر نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا، مگر بدھ کی صبح دورانِ علاج ان کاانتقال ہوگیا۔
اس واقعے نے اکولہ کی سیاست میں زبردست ہلچل مچا دی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور عبید پٹیل نے ذاتی اور خاندانی تنازع کے پس منظر میں ہدایت پٹیل پر حملہ کیا، تاہم اب اس معاملے میں سیاسی سازش کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ مقتول کے اہل خانہ کی شکایت پر اکوٹ دیہی پولیس اسٹیشن میں پانچ افراد کے خلاف قتل کی سازش اور قتل کی کوشش کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، اور اب ہدایت پٹیل کی موت کے بعد ان دفعات میں قتل (IPC 302) کا اضافہ
پولیس کے مطابق حملہ آور عبید پٹیل واقعے کے بعد فرار ہو گیا تھا، جسے بعد میں اکوٹ تعلقہ کے پنج گوہان کے لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ اس کیس میں بڑے سیاسی نام سامنے آنے کے بعد ضلع بھر میں سنسنی پھیل گئی ہے اور سیاسی حلقوں میں شدید ردعمل دیکھا جا رہا ہے۔
واقعے کی تفصیل کے مطابق، ہدایت پٹیل موہالا گاؤں کی مسجد میں نماز ادا کرنے کے بعد جیسے ہی باہر نکلے، عبید پٹیل نے ان پر اچانک حملہ کر دیا۔ ان کے پیٹ اور گردن پر چاقو کے وار کیے گئے، جس کے باعث وہ موقع پر ہی شدید زخمی ہو گئے تھے۔ ڈاکٹروں نے ابتدا ہی میں ان کی حالت نازک بتائی تھی، اور بالآخر بدھ کی صبح ان کی جان نہ بچ سکی۔
کون تحے ہدایت پٹیل ؟
مہاراشٹر پردیش کانگریس کے موجودہ نائب صدر
اکولہ ضلع میں کانگریس کا ایک بڑا مسلم چہرہ
2014 اور 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے امیدوار
2014 میں دوسرے نمبر پر، 2019 میں تیسرے نمبر پر رہے
ضلع کے بڑے کوآپریٹو لیڈر، گزشتہ 25 برسوں سے ضلع بینک کے ڈائریکٹر
اس وقت اکوٹ تعلقہ کوآپریٹو خرید و فروخت سنگھ کے صدر
گزشتہ 35 برسوں سے ضلع کی اہم اکوٹ مارکیٹ کمیٹی سے وابستہ، سابق چیئرمین اور موجودہ ڈائریکٹر
ہدایت پٹیل کے قتل کے بعد اکولہ ضلع کی سیاست میں بھونچال آ گیا ہے۔ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ پولیس تفتیش میں اور کن ناموں کا انکشاف ہوتا ہے اور کتنے افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جاتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!