اکولہ :سیاسی حلقوں میں ہلچل؛ کانگریس کے سینئر لیڈر ہدایت پٹیل پر جان لیوا حملہ

اکولہ : (کاوش جمیل نیوز) : کانگریس کے سینئر لیڈر اور ریاستی نائب صدر ہدایت پٹیل پر جان لیوا حملہ کیا گیا ہے۔ یہ چونکا دینے والا واقعہ منگل کی دوپہر اکولہ ضلع کے اکوٹ تعلقہ میں واقع ان کے آبائی گاؤں موہالہ میں پیش آیا۔ حملے میں ہدایت پٹیل شدید زخمی ہوئے ہیں اور انہیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریاست میں اس وقت میونسپل انتخابات کی گہماگہمی جاری ہے اور اسی انتخابی شور کے بیچ آکوٹ سے یہ سنگین واقعہ سامنے آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آپسی تنازع کے نتیجے میں ہدایت پٹیل پر لوہے کے پائپ سے حملہ کیا گیا۔ اس حملے میں ان کے سر اور گردن پر شدید نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔ واقعے کی خبر پھیلتے ہی سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی۔
ہدایت پٹیل کو پہلے مقامی دیہی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی، بعد ازاں بہتر علاج کے لیے انہیں اکولہ منتقل کیا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقعِ واردات پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس اس بات کی چھان بین کر رہی ہے کہ حملہ کن وجوہات کی بنا پر کیا گیا۔
واضح رہے کہ ہدایت پٹیل کانگریس کے ریاستی نائب صدر ہیں۔ انہیں 2014 اور 2019 میں اکولہ لوک سبھا حلقے سے کانگریس کی جانب سے امیدوار بنایا گیا تھا، تاہم دونوں مرتبہ انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ تعاون (کوآپریٹو) شعبے میں مضبوط گرفت رکھتے ہیں اور ایک مؤثر کوآپریٹو لیڈر کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔ اس وقت وہ اکولہ-واشم ضلع مرکزی بینک کے ڈائریکٹر ہیں اور ماضی میں طویل عرصہ تک اکولہ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
حال ہی میں ہونے والے میونسپل انتخابات میں آکوٹ میں کانگریس امیدوار بوڈکھے کو شکست ہوئی تھی، جس کا الزام خود امیدوار بوڈکھے نے ہدایت پٹیل پر عائد کیا تھا۔ اس حوالے سے انہوں نے چند روز قبل ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری کی تھی۔ انہی الزامات و جوابی الزامات کے سلسلے کے دوران اب ہدایت پٹیل پر جان لیوا حملہ ہونے سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔



