مہاراشٹر

واشم: کارنجہ میونسپل کونسل کے انتخاب میں ایم آئی ایم کی ریاست میں سب سے بڑی جیت،میئر کے ساتھ 16 کونسلرمنتخب؛ میئر کے انتخاب میں بی جے پی کو شکست؛ تو وہیں ضلع میں مہایوتی کے حق میں فیصلہ، مہاوِکاس اگھاڑی کا ہوا صفایا ؛ پڑھیں تفصیلی رپورٹ

واشم: (کاوش جمیل نیوز) :واشم ضلع کی کارنجہ میونسپل کونسل کے انتخاب میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) نے بازی مار لی ہے۔ کارنجہ میونسپل کونسل کے میئر کے انتخاب میں ایم آئی ایم کی امیدوار فریدہ بانو محمد شفیع پُنجانی نے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی امیدوار نشا رُنوال گولےچھا کو 117 ووٹوں سے شکست دی۔ اس نتیجے کو کارنجہ میں بی جے پی کے لیے بڑا سیاسی دھچکا مانا جا رہا ہے اور سیاسی حلقوں میں اس پر خاصی بحث جاری ہے۔
کارنجہ میونسپل کونسل کے انتخاب میں ایم آئی ایم کے 16 کونسلر منتخب ہوئے ہیں، جبکہ بی جے پی کو 13 نشستیں ملی ہیں۔ شندے گروپ کی شیوسینا کو یہاں ایک بھی نشست حاصل نہیں ہوئی۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق، ریاست بھر میں میونسپل کونسلوں اور نگر پنچایتوں کے ان انتخابات میں اب تک ایم آئی ایم کے 81 کونسلر کامیاب ہو چکے ہیں۔
کارنجہ میں بی جے پی کو شکست دے کر ایم آئی ایم کی جیت کو بی جے پی کے رکنِ اسمبلی سئی ڈاہاکے کے لیے بھی ایک بڑا سیاسی جھٹکا سمجھا جا رہا ہے۔ گزشتہ کئی برسوں سے کارنجہ میونسپل کونسل میں بی جے پی کی گرفت مضبوط مانی جاتی تھی، مگر اس بار ووٹروں نے ایم آئی ایم کے حق میں فیصلہ دے کر شہر کی سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
ضلع میں واشم اور رسوڑ میں بی جے پی کو کامیابی ملی، جبکہ منگروٗل پیر میں نیشنلسٹ کانگریس (اجیت پوار گروپ) اور مالیگاؤں نگر پنچایت میں شیو سینا (شندے گروپ) نے فتح حاصل کی۔ مجموعی طور پر ضلع میں مہاوِکاس اگھاڑی کا صفایا ہو گیا ہے۔
منگروٗل پیر میونسپلٹی میں نیشنلسٹ کانگریس (اجیت پوار گروپ) کو کامیابی ملی۔ این سی پی کے اشوک پرلیکر نے بی جے پی کے ڈاکٹر دلیپ رتنپارکھی کو 4,490 ووٹوں کے بڑے فرق سے شکست دی۔ پرلیکر کو 9,044 جبکہ ڈاکٹر رتنپارکھی کو 4,554 ووٹ ملے۔
مالیگاؤں نگر پنچایت میں شیو سینا (شندے گروپ) اور کانگریس کے درمیان مقابلہ ہوا۔ شیو سینا کے اوم پرکاش مدھوکر خُرسڈے نے کانگریس کے گنیش رام پرساد اہیر کو 164 ووٹوں سے ہرایا۔ خرسڈے کو 3,752 اور اہیر کو 3,588 ووٹ ملے۔ بی جے پی امیدوار تیسرے نمبر پر رہے۔
واشم میونسپلٹی کے انتخاب میں بی جے پی نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی کے انیل کیندلے نے شیو سینا (ٹھاکرے گروپ) کی امیدوار ریکھا ماپاری کو 7,969 ووٹوں سے شکست دی۔ انیل کیندلے کو 23,942 جبکہ ریکھا ماپاری کو 15,973 ووٹ ملے۔
واشم میں میونسپل کونسل کی مجموعی صورتحال یہ رہی: بی جے پی کے 14، شیو سینا (ٹھاکرے گروپ) کے 12، اے آئی ایم آئی ایم کے 3، کانگریس کے 2 اور ایک آزاد امیدوار منتخب ہوا۔
رسوڑ میونسپلٹی میں مہایوتی اورمہاوِکاس اگھاڑی کے درمیان مقابلہ تھا، جہاں صدر کے عہدے پر بی جے پی کے بھگوان کھِیرساگر نے شیو سینا (ٹھاکرے گروپ) کے دیشمکھ کو شکست دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!