مہاراشٹر

ایس۔آئی۔آر (S.I.R) مہم کے تعلق سے اہم اعلان؛ ائمہ کرام سے جمعہ کے بعد پیغام پہنچانے کی اپیل؛ ایڈوکیٹ الیار خان، اکولہ کی جانب سے اپیل

بالاپور: (بذریعہ ذاکر احمد شیخ) :حکومتِ ہند کی جانب سے جاری S.I.R (Special Intensive Revision) یعنی ووٹر لسٹ کی درستی اور تجدید کی مہم کے پیش نظر مسلمانوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے اکولہ کے معروف سماجی کارکن و وکیل ایڈوکیٹ الیار خان نے ایک اہم اپیل جاری کی ہے۔ اس سلسلے میں تمام ائمۂ مساجد سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ جمعہ کی نماز کے بعد اس اہم پیغام کو نمازیوں تک ضرور پہنچائیں، تاکہ کوئی بھی مسلمان اپنے جمہوری حق کے تحفظ کے اس عمل سے محروم نہ رہے۔
ایڈوکیٹ الیار خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تمام مسلمان بھائی اپنے پرانے ووٹر ریکارڈ کو تلاش کریں۔ اگر کسی شخص کا نام سن 2001 سے 2005 کے درمیان کی کسی بھی ووٹر لسٹ میں موجود ہے تو وہ اس کا پارٹ نمبر (Part No.)، سیریل نمبر اور اسمبلی حلقہ نمبر نکال کر محفوظ رکھیں۔ اس کے بعد اپنے اُن بچوں کے نام، جو 2005 کے بعد ووٹر لسٹ میں شامل ہوئے ہیں، انہیں اپنے پرانے ریکارڈ کے ساتھ فیملی میپنگ (Family Mapping) کے ذریعے جوڑنا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس عمل کے لیے اپنے علاقے کے متعلقہ BLO (بوتھ لیول آفیسر) سے فوری رابطہ کیا جائے اور تمام ضروری تفصیلات فراہم کی جائیں۔ اگر یہ فیملی میپنگ بروقت مکمل نہ کی گئی تو مستقبل میں بچوں کے نام ووٹر لسٹ سے خارج ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
ایڈوکیٹ الیار خان نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو صرف ایک انتظامی کارروائی نہ سمجھیں بلکہ اسے اپنے جمہوری حق کے تحفظ کی اہم ذمہ داری سمجھتے ہوئے سنجیدگی سے مکمل کریں۔ ساتھ ہی یہ بھی گزارش کی گئی ہے کہ اس پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچایا جائے اور اپنے علاقے کے امام صاحب تک بھی ضرور پہنچایا جائے تاکہ وہ منبر سے اس کا اعلان کر سکیں۔
اسی کے ساتھ انہوں نے یہ بھی درخواست کی ہے کہ جن مساجد میں S.I.R مہم کے تعلق سے اعلان کیا گیا ہے، وہاں کی ویڈیو انہیں بھیجی جائے تاکہ اسے عوامی بیداری کے لیے یوٹیوب چینل پر شیئر کیا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!