بالاپور:نئے نافید خریداری مرکزکا افتتاح؛کسانوں سے قریبی مرکز سے فائدہ اٹھانے کی اپیل

بالاپور: (بذریعہ ذاکر احمد شیخ) :شہرکے قریب واقع کاسارکھیڑہ میں دھن شری ابھینوشیتی وِوِدھ ٹیکنالوجی سنگوپن و سمردھی سہکاری سنستھا کی جانب سے نئے قائم کیے گئے نافید خریداری مرکز کا بدھ (25 مارچ 2026) کو پرجوش ماحول میں افتتاح کیا گیا۔ اس مرکز کے شروع ہونے سے علاقے کے کسانوں کو چنا اور تور (ارہر) کی سرکاری خریداری اب قریب ہی انجام دینے کی سہولت میسر ہوگی، جس پر کسانوں میں اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
تقریب کی صدارت سابق میونسپل صدر محمد جمیر نے کی، جبکہ افتتاح نائب صدر بلدیہ سریندر دھوپٹے کے ہاتھوں انجام پایا۔ اس موقع پر موجودہ و سابق کونسلروں کے علاوہ علاقے کے بڑی تعداد میں کسان اور شہری بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر خریداری عمل کے آغاز کے طور پر پہلے کسان شیلندر دھنوکار کا شال اور شری پھل پیش کر کے استقبال و اعزاز کیا گیا۔ تقریب میں دتا دھنوکار، پنٹو ٹھاکر، پرتیش گجراتھی، محمد اکرم، نفیس رنگاری اور پرشانت گائیکواڑ سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔
ادارے کے صدر اجے چنچولکر نے بتایا کہ چنے کی خریداری کے لیے کسانوں کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 30 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔ لہٰذا علاقے کے تمام کسان بروقت رجسٹریشن کرا کے حکومت کی نافید خریداری اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔
نئے خریداری مرکز کے آغاز سے کاسارکھیڈ اور اطراف کے دیہات کے کسانوں کو اپنی پیداوار فروخت کرنے کے لیے دور دراز جانے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ وہ قریبی مرکز سے ہی فائدہ اٹھا سکیں گے۔ اس اقدام کو کسانوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔



