جلگاؤں میں دردناک حادثہ؛:والد کی طبیعت اچانک بگڑی، اسپتال لے جاتے وقت حادثہ؛ باپ بیٹا موقع پرجاں بحق

جلگاؤں: (کاوش جمیل نیوز) :ضلع میں سڑک حادثات کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔ روزانہ کہیں نہ کہیں پیش آنے والے حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور کئی خاندان اجڑ رہے ہیں۔ ایسے ہی ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں علاج کے لیے جلگاؤں جاتے وقت باپ اور بیٹا سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، بیٹا اپنے بیمار والد کو موٹر سائیکل پرعلاج کے لیے جلگاؤں لے جا رہا تھا کہ راستے میں ایک تیز رفتار ٹریکٹر نے ان کی موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر مار دی۔ یہ حادثہ ہفتہ کی صبح تقریباً ساڑھے دس بجے گھارڈی پھاٹا کے قریب پیش آیا۔
حادثے میں باپ اور بیٹا دونوں شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر جلگاؤں کے سرکاری میڈیکل کالج و اسپتال منتقل کیا گیا، مگر ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد لقمان ٹھوکے (عمر 39 سال) اور ان کے والد لقمان خان موسیٰ خان ٹھوکے (عمر 75 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں چوپڑا تعلقہ کے لاسور گاؤں کے رہنے والے تھے۔
محمد لقمان اپنے خاندان کی کفالت کے لیے کباڑ (بھنگار) کا کاروبار کرتے تھے۔ ان کے پسماندگان میں بیوی، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ گھر کے واحد سہارا کے چلے جانے سے پورے علاقے میں غم و افسوس کی لہر دوڑ گئی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی رشتہ دار بڑی تعداد میں سرکاری اسپتال پہنچ گئے۔ جلگاؤں تعلقہ پولیس اسٹیشن میں نامعلوم ٹریکٹر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے اورپولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔



