مہاراشٹر

"امتحان پاکستان میں نہیں ہے”ٹی ای ٹی امتحان میں خواتین سے منگل سوتر و دیگر زیوارات اُتروانے پرامباداس دانوے کا سخت احتجاج؛ وزیرِ اعلیٰ فڈنویس کا ردِعمل

اورنگ آباد: (کاوش جمیل نیوز) :آج ریاست بھرمیں اساتذہ کی اہلیت کا امتحان (ٹی ای ٹی) منعقد کیا گیا، جس میں ہزاروں امیدوار امتحانی مراکز پر شریک ہوئے۔ تاہم اورنگ آباد میں بعض خواتین امیدواروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امتحانی مرکز کے قوانین کے تحت خواتین کو اپنے گلے کا منگل سوتر اور دیگر زیورات اُتار کر رکھنے کے لیے کہا گیا، جس پر امیدواروں میں ناراضگی اور ہنگامہ پیدا ہو گیا۔
قانون ساز کونسل کے رکن امباداس دانوے نے اس معاملے پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا: "یہ ایک عجیب تضاد ہے! ’ہندوتوا‘ اور ’ثقافت‘ کی باتیں کرنے والوں کی حکومت میں خواتین کو منگل سوتر اُتار کر امتحان دینا پڑ رہا ہے۔ 11 سال کی حکومت کے بعد بھی انتظامیہ کو منگل سوتر اور نقل (چیٹنگ) میں فرق سمجھ نہیں آتا۔ کیا یہی ہماری ثقافت ہے یا سرکاری دباؤ؟ یہ امتحان ہندوستان میں ہو رہا ہے، پاکستان میں نہیں۔” دوسری جانب ریاست کے وزیرِاعلیٰ دیویندر فڈنویس نے اس معاملے پر کہا: "اس طرح کی شکایات پہلے بھی سامنے آئی تھیں۔ میں اس بارے میں مکمل معلومات حاصل کروں گا۔ امتحان کے منتظمین کے مطابق بعض افراد مختلف اشیاء میں مواد چھپا کر نقل کرتے ہیں، اسی وجہ سے سختی کی جاتی ہے۔ تاہم منگل سوتر اُتروانا مناسب طریقہ نہیں ہے۔ اس حوالے سے ہدایات جاری کی جائیں گی اور جانچ کی جائے گی۔”
واضح رہے کہ امتحان کے دوران مراکز پر میٹل ڈیٹیکٹر سے جانچ کی جاتی ہے، جس کے باعث دھاتی زیورات جیسے منگل سوتر، چین، بالیاں اور انگوٹھیاں اُتارنے کے لیے کہا جاتا ہے۔ لیکن پیشگی اطلاع نہ ہونے کی وجہ سے امیدواروں کو مرکز پر پہنچ کر پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انتظامیہ نے امیدواروں سے اپیل کی ہے کہ امتحان کے دن قیمتی اشیاء یا زیورات پہن کر نہ آئیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!