نیٹ یوجی 2026 کے لیے آن لائن رجسٹریشن شروع؛ 8 مارچ آخری تاریخ ،امتحان 3 مئی کو؛ پڑھیں تفصیلی رپورٹ

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) طبی (میڈیکل) شعبے میں کیریئر بنانے کا خواب دیکھنے والے طلبہ کے لیے نیٹ امتحان نہایت اہم مانا جاتا ہے۔ دسویں جماعت مکمل ہوتے ہی بیشتر طلبہ نیٹ کی تیاری شروع کر دیتے ہیں اور دو سال کی سخت محنت کے بعد اس امتحان میں شریک ہوتے ہیں۔ ہر سال ہندوستان بھر سے تقریباً 15 سے 20 لاکھ طلبہ نیٹ امتحان دیتے ہیں، تاہم ان میں سے صرف ایک لاکھ کے قریب نشستوں پر ہی داخلہ ملتا ہے، جس کی وجہ سے سخت مقابلہ دیکھنے کو ملتا ہے۔
اب نیٹ یو جی 2026 (National Eligibility cum Entrance Test – Undergraduate) کے حوالے سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ امتحان کا سرکاری نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے اور آن لائن درخواست کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ دلچسپی رکھنے والے اور اہل امیدوار سرکاری ویب سائٹ www.neet.nta.nic.in پر جا کر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔
درخواست دینے کا طریقہ: امیدوار سب سے پہلے سرکاری ویب سائٹ پر جا کر“Registration for NEET UG 2026”
کے لنک پر کلک کریں۔ رجسٹریشن مکمل کرنے کے بعد فارم میں تمام معلومات درست طریقے سے درج کریں اور درخواست جمع کرائیں۔ فارم جمع کرنے کے بعد اس کی کاپی ڈاؤن لوڈ کر کے پرنٹ محفوظ رکھنا ضروری ہے۔
درخواست فیس
جنرل زمرہ: 1700 روپے
EWS اوراوبی سی 1600 روپے
SC / ST / PwBD / تیسری جنس (Transgender): 1000 روپے
بیرونِ ملک امیدوار: 9500 روپے
امتحان کی تاریخ اور وقت: سرکاری اطلاع کے مطابق نیٹ یو جی 2026 کا امتحان 3 مئی 2026 کو منعقد ہوگا۔ امتحان کا دورانیہ 180 منٹ (3 گھنٹے) ہوگا۔ وقت: دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک۔
امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ فارم بھرنے سے پہلے تمام ہدایات غور سے پڑھیں اور داخلہ کارڈ، امتحانی مرکزاور دیگراہم معلومات کے لیے باقاعدگی سے سرکاری ویب سائٹ چیک کرتے رہیں۔ میڈیکل شعبے میں داخلے کے لیے یہ نہایت اہم امتحان ہے، اس لیے وقت پر اور درست درخواست دینا انتہائی ضروری ہے۔
