قربانی عبادت ہے، نمائش نہیں؛ جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی اہم اپیل؛ صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹرمولانا حافظ محمد ندیم صدیقی کی مسلمانوں سے احتیاط، صفائی اور قانون کی پاسداری کی تاکید

بالاپور : (ذاکر احمد) :جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام مسلمانوں اور تنظیمی کارکنان کے نام ایک اہم اور دردمندانہ اپیل جاری کی گئی ہے۔ تنظیم کے صدر مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے کہا ہے کہ قربانی اسلام کی ایک عظیم عبادت اور حضرت ابراہیمؑ کی سنت ہے، جسے ہر صاحبِ نصاب مسلمان خوشی اور عقیدت کے ساتھ ادا کرتا ہے، لیکن موجودہ حالات میں اس فریضے کی ادائیگی کے دوران خصوصی احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا نہایت ضروری ہے۔
مولانا صدیقی نے اپنے پیغام میں کہا کہ قربانی کے جانوروں کے ذبح یا خون آلود مناظر کی ویڈیوز بناکر سوشل میڈیا پر وائرل کرنا اسلامی تعلیمات اور سماجی ذمہ داری کے خلاف ہے، اس لیے ایسے عمل سے مکمل اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے ممنوع قرار دیے گئے جانوروں کی قربانی ہرگز نہ کی جائے اور میونسپل کارپوریشن کے اہلکاروں و سرکاری اداروں کے ساتھ مکمل تعاون رکھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گوشت کی نقل و حمل کے دوران بھی مکمل احتیاط برتی جائے تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی یا ناخوشگوار صورتحال پیدا نہ ہو۔ اسی طرح ایسے تمام اعمال سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے جن سے شہر، ضلع یا مقامی علاقے کا ماحول خراب ہونے یا دوسروں کو تکلیف پہنچنے کا اندیشہ ہو۔
صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے مسلمانوں کو یہ بھی ہدایت دی کہ کسی بھی صورت میں قانون کو اپنے ہاتھ میں نہ لیا جائے اور اگر کہیں کوئی ناخوشگوار صورتحال پیش آئے تو فوری طور پر مقامی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے رابطہ کیا جائے۔
اپیل میں صفائی ستھرائی پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ قربانی کے بعد جانوروں کی آلائشیں یا دیگر فضلہ سڑکوں اور گلیوں میں نہ پھینکا جائے بلکہ مناسب طریقے سے صفائی کا اہتمام کیا جائے تاکہ سماج میں اچھا پیغام جائے اور اسلامی تعلیمات کا مثبت تاثر برقرار رہے۔
آخر میں مولانا حافظ محمد ندیم صدیقی نے امید ظاہر کی کہ مسلمانانِ مہاراشٹر ان تمام ہدایات پر سنجیدگی سے عمل کرتے ہوئے امن، بھائی چارہ اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت پیش کریں گے۔




