مہاراشٹر

اودگیر کے الامین ہائی اسکول وجونیرکالج کی پہلی المنائی میٹ کا شاندارانعقاد

اودگیر: 22 مارچ:الامین ہائی اسکول و جونیر کالج اودگیر کے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے پہلی المنائی میٹ 22 مارچ،بروز اتوار کی شام کو الامین جونیر کالج آف ایجوکیشن کے کیمپس میں منعقد کی گئی۔ اس موقع پر الامین ایجوکیشن سوسائٹی کے ذمہ داران، اساتذہ اور سیکڑوں طلبہ شریک رہے۔ 22 مارچ بروز اتوار شام 6 بجے اس پروگرام کا آغاز ہوا۔ حافظ ہاشمی عمران کی تذکیر بالقرآن سے پروگرام کا آغاز کیا گیا اور دائمی عافیہ نے نعتِ شریف پیش کی۔ مدرسہ میں ہر روز اسمبلی میں پڑھی جانے والی دعا "یارب دلِ مسلم کو…” نہم جماعت کی طالبات کے ہمراہ سابقہ تمام طلبہ نے دہرائی۔
بعد ازاں ادارہ کے پرنسپل جناب غلام غوث خان صاحب نے طلبہ کا استقبال کیا اور پروگرام کے مقاصد کی وضاحت فرمائی۔ محمد انور حسین نے الامین ایجوکیشن سوسائٹی کی تاریخ پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد سابقہ طلبہ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جن میں انجینئر زرگر مقتدر، ڈاکٹر ہاشمی عرفان، ڈاکٹر عبید، ڈاکٹر ہاشمی سہیل، پٹھان عمران، ایڈوکیٹ سید وجاہت علی، ڈاکٹر ہاشمی شعیب اور انجینئر استاد ذیشان شامل تھے۔ ان طلبہ نے نہ صرف اپنے اسکول کے دنوں اور اساتذہ کو یاد کیا بلکہ اپنی سماجی اور ملی ذمہ داریوں کے احساس کا ثبوت بھی دیا۔
جناب شیخ اکبر صاحب، سیکریٹری الامین ایجوکیشن سوسائٹی نے اپنے اختتامی خطاب میں ادارہ کے سفر، اس میں آنے والی مشکلات اور ابتدائی دور میں بانیانِ الامین کے جذبات اور قربانیوں کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ ادارہ سے اپنی وابستگی اور لگاؤ کو برقرار رکھیں اور اس کی مزید ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر عیسیٰ خان صاحب، صدر الامین ایجوکیشن سوسائٹی نے آخر میں رہنمائی فرماتے ہوئے طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔ الامین ایجوکیشن سوسائٹی کے دیگر ذمہ داران میں شیخ قیام الدین صاحب ، ہاشمی سلیم صاحب اور ہاشمی ارشد صاحب شریک رہے۔
پروگرام کے اختتام پر سید عرفان صاحب (سپروائزر) کی نگرانی میں ایک شاندار عشائیہ کا انعقاد کیا گیا۔ تمام طلبہ نے بڑی تعداد میں اس خوشی کے موقع کو تصاویر اور ویڈیوز میں قید کرلیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض جناب محمد محی الدین صاحب نے انجام دیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!