مہاراشٹر

جلگاؤں: ڈمپرکی ٹکرسے بزرگ جاں بحق، چار سالہ نواسی معجزانہ طور پر محفوظ؛ مشتعل دیہاتیوں نے گاڑی کو آگ لگا دی

جلگاؤں: 10 /جون ( معین قاضی) :بھساول تعلقہ کے تپت کٹھورا گاؤں کے قریب پمپری سیکم شیوار روڈ پر پیر کی صبح پیش آنے والے ایک المناک سڑک حادثے میں ایک بزرگ شخص جاں بحق ہوگئے، جبکہ ان کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار چار سالہ نواسی معجزانہ طور پر محفوظ رہی۔ حادثے کے بعد مشتعل دیہاتیوں نے متعلقہ ڈمپر کو آگ لگا دی، جس کے باعث علاقے میں کچھ وقت تک کشیدگی کا ماحول رہا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق آنند مکُند پاٹل (55 سال) اپنی چار سالہ نواسی پری کے ساتھ کھیت سے موٹر سائیکل پر گھر واپس آرہے تھے۔ اسی دوران سڑک پر تعمیراتی سامان اتارنے میں مصروف ایک ڈمپر پیچھے کی جانب آتے ہوئے ان کی موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ آنند پاٹل ڈمپر کے نیچے آ گئے اور موقع پر ہی دم توڑ دیا۔ تاہم ان کے ساتھ بیٹھی ننھی نواسی پری خوش قسمتی سے محفوظ رہی۔
اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں گاؤں والے جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور موٹر سائیکل سمیت متاثرہ شخص کو ڈمپر کے نیچے سے نکال کر فوری طور پر ورنگاؤں دیہی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے آنند پاٹل کو مردہ قرار دے دیا۔
حادثے کی خبر پھیلتے ہی گاؤں میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ مشتعل شہریوں نے متعلقہ ڈمپر کو آگ لگا دی۔ بعد ازاں میونسپل کونسل کے فائر بریگیڈ عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
اس معاملے میں ورنگاؤں پولیس تھانے میں مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے، جبکہ پولیس نے حادثے کی وجوہات اور ذمہ داریوں کے تعین کے لیے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!