عید میلاد النبیؐ کے پیش نظر اکولہ پولیس کی جلوس کمیٹی کے ساتھ خصوصی میٹنگ؛ امن، نظم و ضبط اور بھائی چارہ برقرار رکھنے کی اپیل؛ اشتعال انگیز بینر اور گانوں پر پابندی کی ہدایت

اکولہ: آئندہ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر شہر میں امن و امان، نظم و ضبط اور سماجی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے مقصد سے اکولہ پولیس کی جانب سے جلوس کمیٹی، مسلم سماج کے عہدیداران اور معزز شہریوں کی ایک خصوصی میٹنگ 21 اگست کو پولیس لان، اکولہ میں منعقد کی گئی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ارچت چانڈک کی رہنمائی میں منعقدہ اس میٹنگ میں تقریباً 300 افراد نے شرکت کی۔
میٹنگ میں جلوس کے انتظامات، راستے کی منصوبہ بندی، ٹریفک نظام، بینرس، ساؤنڈ سسٹم اور عید میلاد کے دوران اختیار کی جانے والی احتیاطی تدابیر کے بارے میں پولیس حکام نے تفصیلی رہنمائی کی۔ پولیس کی جانب سے واضح ہدایت دی گئی کہ جلوس کے دوران کسی بھی قسم کے قابلِ اعتراض یا اشتعال انگیز بینر نہ لگائے جائیں اور نہ ہی ایسے گانے بجائے جائیں جن سے کسی کے جذبات مجروح ہوں یا امن و امان متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔
پولیس انتظامیہ نے واضح کیا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کے لیے خطرناک عناصر اور عادی مجرموں کے خلاف احتیاطی کارروائی کے ساتھ ہی تڑی پار کی کارروائی بھی کی جائے گی۔ عید میلاد کے دوران شہر میں ضروری پولیس بندوبست تعینات رہے گا۔
میٹنگ میں سیدن زکی میاں، مفتی حاجی اسماعیل شاہ، جلوس کمیٹی کے صدر حاجی محمود خان عرف حاجی مدام سمیت مسلم سماج کے عہدیداران اور معزز شہری موجود تھے۔ میٹنگ کا تعارفی خطاب سب ڈویژنل پولیس افسر سدرشن پاٹل نے کیا۔
شرکاء نے عید میلاد النبیؐ کا تہوار امن، نظم و ضبط، بھائی چارے اور باہمی احترام کے ساتھ منانے کے عزم کا اظہار کیا۔ پولیس انتظامیہ نے بھی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے تہوار کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں منانے کے لیے پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
“عید میلاد النبیؐ جوش و خروش سے منائیں، لیکن امن، نظم و ضبط، بھائی چارے اور قانون کا احترام ہر حال میں برقرار رکھیں”، یہ پیغام میٹنگ میں دیا گیا۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعہ یا مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر 112 پر دینے کی اپیل بھی کی گئی۔ آخر میں پولیس انسپکٹر رحیم شیخ، تھانیدار اکوٹ فائل نے اظہارِ تشکر کیا۔




