مہاراشٹر

ضلع پریشد اُردو اسکول ملکاپور پانگرہ میں منایا گیا یومِ ترغیبِ مطالعہ؛ اعلیٰ حضرت کتب خانے کا ہوا افتتاح۔ طلبہ کو تحفتاً دی گئیں “گلزار اُردو” کتابیں

بلڈھانہ: ۱۵ اکتوبر (بذریعہ۔ ذوالقرنین احمد) :ضلع پریشد اُردو اسکول ملکاپور پانگرہ ضلع بلڈھانہ میں بھارت کے عظیم سائنس دان، سابق صدر جمہوریہ اور بچوں کے محبوب ڈاکٹر اے پی جے کلام صاحب کی یومِ ولادت کے موقع پر ‘یومِ ترغیبِ مطالعہ’ کا ذوق و شوق سے اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مقابلۂ خواندگی کا انعقاد اور کتب خانے کا افتتاح عمل میں آیا۔
تفصیلات کے مطابق بلڈھانہ ضلع کے سندکھیڑ راجا تعلقے کے ملکاپور پانگرہ قصبے میں قائم ضلع پریشد اُردو اعلیٰ تحتانی اسکول میں مشفق و محنتی اساتذہ کی جانب سے نونہالانِ ملت کی معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ اُن کی اخلاقی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ مختلف مواقع کی مناسبت سے ہمہ گیر نوعیت کی ہم نصابی، غیر نصابی اور ثقافتی سرگرمیاں بھی جوش و خروش کے ساتھ انجام دی جاتی ہیں۔ اسی سلسلے میں ۱۵ اکتوبر کو بچوں کے محبوب سابق صدرِ جمہوریہ اور ملک کے عظیم سائنس دان ڈاکٹر اے پی جے کلام صاحب کی سالگرہ کے موقع پر اسکول میں ‘ یومِ ترغیبِ مطالعہ’ کا ذوق و شوق سے اہتمام کیا گیا۔ کمزور طلبہ کو آسانی سے اُردو سکھانے والی کتاب ‘گلزارِ اردو’ طلبہ کو تحفتاً دی گئیں۔ بچوں میں کتب بینی کا شوق اور مطالعہ کی عادت پیدا کرنے کے مقصد سے ایک دلچسپ مقابلۂ خواندگی منعقد کیا گیا۔ بعد ازیں بچوں کی دلچسپ اور مفید کتابوں پر مشتمل اسکول لائبریری کا افتتاح کیا گیا۔ اس لائبریری کو ‘ اعلیٰ حضرت کتب خانہ ‘ نام دیا گیا۔ مقابلۂ خواندگی میں اول مقام حاصل کرنے والی جماعت ہفتم کی طالبہ عبیرہ زرین خان نے ربن کاٹ کر کتب خانے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر کیندر پرمُکھ، صدر مدرس و معاون معلمین موجود تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!