مہاراشٹر میں گرمی کا قہر، مراٹھواڑہ میں بارش کا الرٹ جاری؛ اورنگ آباد سمیت کئی اضلاع میں 18 مئی تک بارش کا امکان

اورنگ آباد: مراٹھواڑہ میں گزشتہ چار دنوں سے شدید گرمی کی لہر برقرار ہے اور آئندہ دو دنوں تک اس کے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی دوران محکمہ موسمیات نے ناندیڑ، لاتور اور عثمان آباد اضلاع میں 15 اور 16 مئی کو تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ جبکہ اورنگ آباد، جالنہ، پربھنی اور ہنگولی اضلاع میں 18 مئی تک ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ہے۔
گزشتہ چار دنوں سے گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جمعرات کو بھی اورنگ آباد سمیت پورے خطے میں درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اس ہفتے عوام کو شدید گرمی اور بارش، دونوں مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اورنگ آباد، جالنہ، پربھنی اور ہنگولی اضلاع میں 15 سے 18 مئی کے دوران ہلکی سے درمیانی بارش ہوگی۔ جبکہ ناندیڑ، لاتور اور عثمان آباد اضلاع میں 15 اور 16 مئی کو آندھی، بجلی کی کڑک اور تیز بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ اتوار سے درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ اورنگ آباد شہر میں شدید دھوپ اور گرمی سے عوام پریشان ہیں۔ دن اور رات دونوں وقت شدید حبس محسوس کیا جا رہا ہے جبکہ دوپہر کے وقت سڑکوں پر سنّاٹا چھایا ہوا ہے۔
چکل تھانہ رصدگاہ کے مطابق گزشتہ دس برسوں میں سب سے زیادہ 43.6 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت منگل 12 مئی کو ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے کمزور ہونے، فضا میں نمی کی کمی، خشک موسم اور ہواؤں کی رفتار سست پڑنے کی وجہ سے گرمی میں اضافہ ہوا ہے۔
مہاراشٹر کے بعض اضلاع کے لیے 15 مئی کو ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ پالگھر، تھانے، ممبئی، رائے گڑھ، جالنہ، پربھنی، ہنگولی، اکولہ، امراوتی اور وردھا اضلاع میں شدید گرمی کی وارننگ دی گئی ہے۔ دوسری جانب سندھودرگ، کولہاپور، سانگلی، سولاپور، ناندیڑ، لاتور اور عثمان آباد اضلاع کے لیے بارش کا ییلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔




