مہاراشٹر

مہاراشٹر:ایس آئی آر کی مسودہ ووٹر لسٹ جاری، 2 کروڑ سے زائد نام غائب؛ ووٹرلسٹ میں نام نہیں؟ گھبرانے کی ضرورت نہیں، 29 اکتوبر تک دعویٰ اوراعتراض کا موقع؛ نام کیسے تلاش کریں، پڑھیں تفصیلی رپورٹ

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :ہندوستانی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر مہاراشٹر میں جاری خصوصی گہری نظرثانی (SIR) کے تحت ریاست کے تمام 288 اسمبلی حلقوں کی مسودہ ووٹر فہرست 31 اگست 2026 کو جاری کردی گئی۔ نئی فہرست میں سابقہ ووٹر لسٹ کے مقابلے میں 2 کروڑ 6 لاکھ 88 ہزار 487 ووٹروں کے نام شامل نہیں کیے گئے ہیں۔
SIR سے قبل مہاراشٹر میں 9 کروڑ 78 لاکھ 54 ہزار 49 ووٹر تھے، جبکہ مسودہ فہرست میں 7 کروڑ 71 لاکھ 65 ہزار 562 ووٹروں کے نام شامل ہیں۔ ان میں 3 کروڑ 95 لاکھ 89 ہزار 905 مرد، 3 کروڑ 75 لاکھ 72 ہزار 570 خواتین اور 3,087 تیسری جنس کے ووٹر شامل ہیں۔

کن وجوہات سے نام حذف ہوئے؟
الیکشن حکام کے مطابق تقریباً 34 لاکھ فوت شدہ ووٹروں کے نام حذف کیے گئے ہیں۔ تقریباً 17 لاکھ ووٹروں کے نام دو مختلف اسمبلی حلقوں میں درج تھے، جنہیں ایک حلقے سے حذف کیا گیا۔
اس کے علاوہ جو ووٹر اپنے درج شدہ پتے پر نہیں ملے، مستقل طور پر دوسری جگہ منتقل ہوگئے، جن کی دوسری جگہ رجسٹریشن ہوگئی یا جنہوں نے گنتی فارم (Enumeration Form) جمع نہیں کرایا، ان کے نام بھی مسودہ فہرست میں شامل نہیں کیے گئے ہیں۔

ووٹر اپنا نام کیسے چیک کریں؟
شہری اپنی ووٹر لسٹ میں نام آن لائن چیک کرسکتے ہیں۔ اس کے لیے ہندوستانی الیکشن کمیشن کی Voter Services ویب سائٹ استعمال کی جاسکتی ہے:
https://voters.eci.gov.in/
مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر کی ویب سائٹ پر بھی مسودہ ووٹر فہرست دستیاب ہے:

نام نہیں ہے تو کیا کریں؟
اگر کسی اہل ووٹر کا نام مسودہ فہرست میں شامل نہیں ہے تو وہ فارم-6 کے ذریعے نام شامل کرنے کی درخواست دے سکتا ہے۔ نئے ووٹر بھی، جن کی عمر یکم اکتوبر 2026 کو یا اس سے قبل 18 سال مکمل ہورہی ہے، فارم-6 کے ذریعے رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔
اگر کسی ووٹر کو فہرست میں شامل کسی نام پر اعتراض ہے تو فارم-7 کے ذریعے اعتراض درج کیا جاسکتا ہے۔
اسی طرح نام، پتہ، عمر یا دیگر تفصیلات میں غلطی کی صورت میں فارم-8 کے ذریعے اصلاح کی درخواست دی جاسکتی ہے۔

29 اکتوبر تک موقع
دعوے اور اعتراضات کی کارروائی 31 اگست سے 29 اکتوبر 2026 تک جاری رہے گی۔ اس دوران موصول ہونے والے دعووں اور اعتراضات کی فہرست ہر ہفتے تیار کی جائے گی۔
تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 4 نومبر 2026 کو حتمی ووٹر فہرست جاری کی جائے گی۔
اہم اپیل: اگر آپ کا یا آپ کے اہل خانہ کا نام مسودہ ووٹر لسٹ میں نظر نہیں آرہا ہے تو فوراً اپنی تفصیلات چیک کریں اور مقررہ مدت کے اندر ضروری فارم جمع کرائیں، تاکہ حتمی ووٹر فہرست میں نام شامل کیا جاسکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!