اورنگ آباد ضلع پریشد پر بی جے پی کا قبضہ، گلانڈے صدر، جیسوال نائب صدر بلا مقابلہ

اورنگ آباد: (کاوش جمیل نیوز) :ضلع پریشد کے صدراورنائب صدر کے انتخاب کو لے کر جاری سیاسی ڈرامے میں آخرکار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اپنی برتری ثابت کرتے ہوئے اقتدار حاصل کر لیا۔ صدر کے عہدے پر اویناش گلانڈے جبکہ نائب صدر کے عہدے پر جتیندر جیسوال بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔
صدراورنائب صدر کے عہدوں کے لیے پہلے سے طے شدہ فارمولے کے باوجود شیوسینا کے رکن اسمبلی عبد الستاراور رکن پارلیمنٹ سندیپان بھومرے نے نئے سیاسی جوڑ توڑ کی کوشش کی، لیکن بی جے پی نے ان کوششوں کو ناکام بنا دیا۔ اس دوران شیوسینا ایکناتھ شندے اور شیوسینا بالاصاحب ٹھاکرے گروپ نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا اور انتخاب کا بائیکاٹ کیا۔
چونکہ صدر کے لیے اویناش گلانڈے اور نائب صدر کے لیے جتیندر جیسوال نے ہی درخواست فارم خریدا تھا، اس لیے انتخابی عمل محض رسمی رہ گیا۔ مقررہ وقت تک کسی اور امیدوار کی جانب سے درخواست نہ آنے کے باعث دونوں عہدے بلا مقابلہ طے ہو گئے۔
گزشتہ چند دنوں سے جاری سیاسی سرگرمیوں، اراکین کی توڑ پھوڑ اوراتحاد کی باتوں کے سبب ماحول خاصا گرم تھا، لیکن آخری لمحوں میں حالات بدل گئے اور بی جے پی اپنی حکمت عملی میں کامیاب رہی۔ اس کے نتیجے میں ضلع پریشد میں بی جے پی کی گرفت مزید مضبوط ہو گئی۔
فتح کے بعد غیر روایتی توانائی کے وزیر اتُل ساوے نے کہا کہ شیوسینا (ایکناتھ شندے) کے دونوں لیڈر اپنے رشتہ داروں کو صدر بنانا چاہتے تھے، اسی لیے وہ بی جے پی کو نظرانداز کرتے ہوئے اراکین کو توڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے 24 اراکین، دو حمایتی، ایک کانگریس رکن اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے اراکین کی حمایت سے 63 رکنی ایوان میں 31 اراکین بی جے پی کے ساتھ ہو گئے، جبکہ ایک اور رکن کو بھی اپنی طرف لانے میں کامیابی ملی۔
ساوے نے الزام لگایا کہ شیوسینا لیڈروں نے اپنے رشتہ دار کو صدر بنانے کی کوشش میں پہلے سے طے شدہ فارمولہ توڑ دیا۔ دوسری جانب عبد الستار نے خبردار کیا کہ شیوسینا شندے گروپ کو اقتدار سے دور رکھنے کے اثرات ریاستی سیاست پر پڑ سکتے ہیں۔
مزید یہ کہ ساوے نے دعویٰ کیا کہ عبد الستار نے اپنے بیٹے کو صدر بنانے کے لیے پس پردہ کئی کوششیں کیں اور کچھ اراکین کو گوا تک لے جایا گیا، جس کے بورڈنگ پاس بھی ان کے پاس موجود ہیں۔ ادھر شیوسینا کے رہنما امباداس دانवे نے الزام لگایا کہ اراکین کو توڑنے کے لیے سرکاری افسران کو استعمال کیا گیا اور انہیں مالی لالچ دیا گیا۔
اس سارے معاملے میں عبد الستار، سندیپان بھومرے اور ٹھاکرے گروپ کے امباداس دانوے نے بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کی کوشش کی، مگر وہ کامیاب نہ ہو سکے۔



