مہاراشٹرمیں لاڈلی بہن یوجنا پرسوالات، e-KYC کے باوجود لاڈلی بہن یوجنا کی رقم دو ماہ سے رکی، خواتین پریشان؛ ریاست بھرمیں لاڈلی بہن یوجنا پرشکایات کی بھرمار

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :’وزیراعلیٰ میری لاڈلی بہن‘ یوجنا کے تحت e-KYC مکمل کرنے کے باوجود گزشتہ دو ماہ سے لاڈلی بہنوں کو ماہانہ پندرہ سو روپے کی مالی امداد نہیں ملنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ یہ معاملہ خواتین و اطفال بہبود کی وزیر ادیتی تٹکرے تک پہنچنے کے بعد انہوں نے آنگن واڑی سیویکاؤں کے ذریعے براہِ راست جانچ پڑتال کے احکامات دیے ہیں۔ تاہم، یہ احکامات اب تک خواتین و اطفال بہبود کے افسران تک پہنچے ہی نہیں، یہ بات بھی سامنے آئی ہے۔
ریاستی حکومت نے گزشتہ برس لاڈلی بہن یوجنا سے غیر ضروری فائدہ اٹھانے والی خواتین کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے تحت چار پہیہ گاڑی رکھنے والی خواتین کی جانچ کی گئی، جس کے نتیجے میں ریاست بھر میں کئی خواتین کو نااہل قرار دے کر ان کی امداد بند کر دی گئی۔ جانچ کے دوسرے مرحلے میں e-KYC کو لازمی قرار دیا گیا۔ e-KYC کے دوران کئی خواتین کو او ٹی پی موصول نہ ہونے کا مسئلہ درپیش آیا، جس کے بعد طلاق یا شوہر یا والد کے انتقال کا سرٹیفکیٹ جمع کرانے کی شرط عائد کی گئی۔
اب صورتِ حال یہ ہے کہ e-KYC مکمل کرنے کے باوجود پونے ضلع سمیت ریاست کے کئی علاقوں میں لاڈلی بہنوں کو دو ماہ سے یوجنا کا فائدہ نہیں ملا۔ اس سلسلے میں متعدد خواتین نے خواتین و اطفال بہبود کے محکمے کے علاوہ مقامی پنچایت سمیتیوں اورمیونسپل اداروں میں شکایات درج کرائی ہیں۔ کچھ معاملات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ چار پہیہ گاڑی رکھنے والی خواتین کو دوبارہ امداد ملنا شروع ہو گئی ہے، جبکہ پڑوس میں رہنے والی ایسی خواتین جنہوں نے e-KYC مکمل کیا ہے اور دیگر سہولیات بھی حاصل کر رہی ہیں، انہیں اس یوجنا کے فائدے سے محروم رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب، جن خواتین نے e-KYC مکمل نہیں کیا، انہیں لاڈلی بہن مان کر امداد دی جا رہی ہے۔ کئی مقامات پر اہل اور نااہل مستحقین کی فہرستیں ہی جاری نہ کیے جانے کی وجہ سے لاڈلی بہنوں اور ان کے اہلِ خانہ میں شدید کنفیوژن پیدا ہو گیا ہے۔ اسی لیے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اہل اور نااہل مستحقین کی فہرستیں سرکاری ویب سائٹ پر شائع کی جائیں۔
مزید یہ کہ ایک ہی خاندان میں ایک ہی مستحق ہونے کے باوجود، e-KYC مکمل ہونے، سالانہ آمدنی ڈھائی لاکھ روپے سے کم ہونے اور چار پہیہ گاڑی نہ ہونے کے باوجود بھی کئی خواتین کو اب تک امداد نہیں ملی۔ متعدد خواتین نے e-KYC دوبارہ مکمل کرنے کے لیے مہلت بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔



