مہاراشٹر

مہاراشٹر: ریاستی کابینہ کے 19 بڑے فیصلے، ہزاروں کروڑ کے منصوبوں کو منظوری؛ ریاستی کابینہ کے فیصلوں سے ترقی کو نئی سمت؛ پڑھیں تفصیلی رپورٹ

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :ریاستی کابینہ کی آج منعقدہ اہم میٹنگ میں عوامی مفاد سے متعلق کئی بڑے اورتاریخی فیصلے لیے گئے۔ اس اجلاس میں مجموعی طور پر 19 اہم اور انقلابی فیصلوں کو منظوری دی گئی، جن سے زراعت، صنعت، صحت، تعلیم، کھیل اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں نمایاں ترقی متوقع ہے۔
کابینہ نے نابارڈ کے ذریعے 15 ہزار کروڑ روپے کا طویل مدتی قرض منظور کیا ہے جس سے ریاست کے 57 نامکمل آبپاشی منصوبے مکمل کیے جائیں گے اور 193 مکمل منصوبوں کی تقسیمِ آب کے نظام میں بہتری لائی جائے گی۔ اس اقدام سے تقریباً 8 لاکھ ہیکٹر زرعی اراضی کو آبپاشی کی سہولت ملے گی اور کسانوں کو بڑا فائدہ ہوگا۔
کولہا پور ضلع میں عالمی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کے لیے 12 ہیکٹر 76 آر سرکاری زمین فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جس سے مقامی کھیلوں کو فروغ ملے گا۔
پونے ضلع کے پورندر ہوائی اڈہ منصوبے کو رفتار دینے کے لیے خصوصی اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ زمین کے حصول اور دیگر اخراجات کے لیے 6 ہزار کروڑ روپے کا قرض لیا جائے گا، جس کی ضمانت ریاستی حکومت دے گی۔
دیہی علاقوں میں صحت کی بہتری کے لیے "میرا گاؤں، صحت مند گاؤں مہم” شروع کی جائے گی۔ گرام پنچایت سے ضلع پریشد سطح تک بہترین کارکردگی دکھانے والوں کو 5 لاکھ سے 2 کروڑ روپے تک انعامات دیے جائیں گے۔ اس مہم کے لیے سالانہ 80 کروڑ 75 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
پونے کے رتن پوری ملا میں ایک ہزار ایکڑ زمین ایم آئی ڈی سی کو منتقل کی جائے گی تاکہ نئی صنعتی بستی قائم ہو سکے، جس سے سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ممبئی کے اندھیری علاقے میں مہا ٹینس فاؤنڈیشن کے ذریعے ٹینس کھیل کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
اٹل سیتو (ممبئی ٹرانس ہاربر لنک) منصوبے کے اطراف نئی ترقیاتی اتھارٹی اور اراضی پالیسی کو منظوری دی گئی ہے، جس سے "تیسری ممبئی” کی ترقی کو رفتار ملے گی۔
ریاستی سطح کے سائنس نمائش کے انعامات میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہو۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) پالیسی 2026 کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت 25 کروڑ سے زائد مالیت کے منصوبوں کی منظوری کابینہ کی انفراسٹرکچر کمیٹی دے گی۔
اب ای میل کے ذریعے بھیجی گئی سرکاری نوٹس کو قانونی حیثیت دی گئی ہے۔
پربھنی ضلع کی اندرانی کوآپریٹو سوت مل کو سرکاری مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
انتظامی سہولت کے لیے 11 نئے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر کے عہدے منظور کیے گئے ہیں۔
ناگپور میں کول ٹو کیمیکل پروجیکٹ کے لیے 117 ہیکٹر زمین فراہم کی جائے گی۔
بارامتی میں 75 کروڑ روپے کی لاگت سے اسپورٹس کمپلیکس بنایا جائے گا جس میں اسٹیڈیم، سوئمنگ پول، اسکیٹنگ رنگ اور دیگر سہولیات شامل ہوں گی۔
راشن کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ٹرانسپورٹ ٹینڈرز ایک ساتھ جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے تاکہ تقسیم کا نظام مزید مضبوط ہو سکے۔
اکولہ ضلع کے پمپلاشینڈا تعلقہ مرتضیٰ پورآبپاشی منصوبے کی مرمت کے لیے 6 کروڑ 60 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں، جس سے 255 ہیکٹر زمین کو فائدہ ہوگا۔
ٹیکس اور جرمانوں کی بقایا جات کے تصفیے کے لیے ترمیمی آرڈیننس منظور کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں سرکاری یونیورسٹی قانون 2016 اور نجی پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں کے داخلہ و فیس ریگولیشن قانون 2015 میں بھی ضروری ترامیم کی منظوری دی گئی ہے۔
ان تمام فیصلوں سے ریاست میں ترقی، روزگار، صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کے شعبوں میں نمایاں بہتری آنے کی امید ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!