روہت پوارکی پریس کانفرنس سے مہاراشٹر کی سیاست میں ہلچل؛ اجیت پوار کے طیارہ حادثے میں سو فیصد سازش کا شبہ، روہت پوار کا بڑا دعویٰ

ممبئی : (کاوش جمیل نیوز) :راشٹروادی کانگریس شرد چندر پواردھڑے کے رکنِ اسمبلی روہت پوارنے سابق نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثے کے معاملے پر ایک اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے بڑا انکشاف کیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ واقعی ایک حادثہ تھا یا پھر کسی منظم گھات پات (سازش) کا نتیجہ؟ روہت پوار نے واضح الفاظ میں کہا کہ انہیں اس واقعے میں سازش کا گہرا شبہ ہے۔
روہت پوار کے مطابق حادثے سے ایک دن پہلے یعنی 27 جنوری کو اجیت پوار کا طے شدہ پروگرام اچانک تبدیل ہو گیا تھا۔ منصوبے کے مطابق انہیں شام کو ممبئی سے گاڑی کے ذریعے پونے جانا تھا اور اس کے لیے قافلہ بھی تیار تھا، لیکن آخری وقت میں وہ روانہ نہیں ہو سکے۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ میٹنگ کے بعد اجیت پوار نے افسران کو کہا تھا کہ وہ چند گھنٹے پارٹی کے کارکنان اوررہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور پھر شام کو پونے جائیں گے۔ اسی دوران ایک بڑے سیاسی لیڈر کی ملاقات طے تھی، مگر ان کی تاخیر کے باعث بات چیت دیر تک چلتی رہی، جس کی وجہ سے گاڑی سے سفر ممکن نہ رہا اور انہیں مجبوری میں اگلے دن کا ہوائی سفر بُک کرنا پڑا۔
روہت پوار نے مزید دعویٰ کیا کہ ایک انتہائی اہم فائل پردستخط کے لیے اجیت پوار کو بلایا گیا تھا۔ حیرت کی بات یہ تھی کہ وہ فائل ان کے گھر پر نہیں بلکہ وزارت کے دفتر میں موجود تھی۔ اجیت پوارعام طور پرکوئی فائل زیرِ التوا نہیں رکھتے تھے، اس کے باوجود آخری وقت میں فائل منگوانے اور دستخط کرنے میں کافی وقت ضائع ہوا، جس سے پورا شیڈول متاثر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے چند مہینوں میں اجیت پوار کچھ بڑے فیصلے لینے والے تھے، خاص طور پر ایک سیاسی کنسلٹنٹ کا کروڑوں روپے کا کنٹریکٹ منسوخ کرنے کی بات ہو رہی تھی، کیونکہ اس سے کوئی فائدہ نہیں ہو رہا تھا۔ اس فیصلے کی وجہ سے کچھ طاقتور حلقوں میں ناراضگی بھی پیدا ہوئی تھی۔
روہت پوار نے حادثے میں سازش کے شبہات کی درج ذیل وجوہات گنوائیں:
دورے اور فلائٹ کے وقت میں اچانک تبدیلی
پائلٹ کی تبدیلی
مرکزی ہوا بازی وزارت کی رپورٹ اور اے ٹی سی ٹرانسکرپٹ میں وقت کا تضاد
فلائٹ ریڈار کا ڈیٹا ایک منٹ پہلے بند ہونا
کم حدِ نگاہ کے باوجود لینڈنگ کی کوشش
رن وے 11 پر ہی اتارنے پر زور
حادثے سے پہلے طیارے کو غیر معمولی طور پر کم اونچائی پر لانا
آخری چند منٹوں میں پائلٹ کی طرف سے کوئی رابطہ نہ ہونا
روہت پوار نے مطالبہ کیا کہ اس پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ اور اعلیٰ سطحی جانچ ہونی چاہیے تاکہ حقیقت عوام کے سامنے آ سکے اور اگر کوئی سازش ہوئی ہے تو ذمہ داروں کو سزا ملے۔ یہ بیان سامنے آنے کے بعد ریاست کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے اور اب سب کی نظریں سرکاری تحقیقات پرمرکوز ہیں۔



