بالاپور: باڑیگاؤں میں پاگل کتے کا قہر؛ 24 دیہاتی زخمی، پورے گاؤں میں خوف و ہراس! انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ، شہریوں اور والدین کے لیے ہائی الرٹ جاری!

بالاپور: (بذریعہ ذاکراحمد) : تعلقہ کے باڑیگاؤں پرائمری ہیلتھ سینٹر کے دائرۂ کار میں 9 فروری 2026 کو ایک پاگل (ریبیج سے متاثرہ) کتے نے گاؤں میں دہشت مچا دی۔ اس کتے نے خواتین، مردوں اور کم عمر بچوں سمیت مجموعی طور پر 24 دیہاتیوں کو کاٹ کر شدید زخمی کر دیا۔ اس واقعے کے بعد پورے گاؤں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا ہے اور لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے بھی گھبرا رہے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق پاگل کتا اچانک گلی کوچوں میں دوڑتا ہوا نکلا اور سامنے آنے والے ہر شخص پر حملہ کرنے لگا۔ شدید خوف کے باعث کئی خواتین اور بچے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔
زخمیوں میں سے 5 تا 6 افراد کا علاج نجی معالج ڈاکٹر شِوا کرنجکر کے اسپتال میں جاری ہے جبکہ دیگر زخمیوں کو واڑے گاؤں پرائمری ہیلتھ سینٹر میں طبی امداد فراہم کی گئی۔ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر شری کانت کروتے نے بتایا کہ تمام زخمیوں کو ریبیج سے بچاؤ کے انجکشن اور ابتدائی علاج دیا گیا ہے، تاہم صورتِ حال سنگین ہونے کے سبب مسلسل نگرانی ضروری ہے۔
زخمیوں کے نام اس طرحہیں: وندنا سرپ (35)، ببیتا مہالے (40)، چندا دھنوکار (50)، پروتا نیمادے (70)، سُنیتا آٹھے (35)، ہرشا فالکے (46)، کملہ انگلے (72)، نول سرپ (16)، گیانیشور مسنے (42)، پریا ڈونگرے (30)، شیشراو اوچار (70)، مولچند کاکڑے (61)، ارون چنچولکر (45)، اروِند اگراتھے (28)، سریش بھٹکر (65)، ہریش چندر شرساٹ (65)، دانش قاضی بیگ (21)، کنال کھنڈارے (22)، گیانیشور لہانے (22)، بھکتی واڈکر (16)، شیخ سعید (36)، تشار بھٹکر (24)، بیبی بائی راج گھاڑے (55)، گجانن لوکھنڈے (48)، پرکاش ٹھومبرے (65)، سمتی بھسکٹے وغیرہ۔
گرام پنچایت کے اراکین سنیل گھاٹول، سنیل مانکر، خیرالنسا شیخ چاند، انیل باربودے، دانش قاضی، سچن دھنوکر، سندیپ ٹھومبرے اور دیگر دیہاتیوں نے محکمہ صحت اور محکمہ مویشی پروری سے مطالبہ کیا ہے کہ پاگل اور آوارہ کتوں کو فوری طور پر پکڑ کر ان کا مؤثر بندوبست کیا جائے اور پورے گاؤں میں خصوصی مہم چلائی جائے۔انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو کسی بڑے جانی نقصان کا خدشہ ہے، جس کی مکمل ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔ باڑیگاؤں کے علاقے میں پاگل اور آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد کے باعث سنگین خطرہ لاحق ہے، لہٰذا تمام شہری اور والدین درج ذیل احتیاطی تدابیر اختیار کریں:
• چھوٹے بچوں کو خود اسکول چھوڑیں اور خود ہی واپس لائیں۔
• بچوں کو اکیلے باہر جانے کی اجازت نہ دیں۔
• صبح و شام خاص طور پر زیادہ چوکنا رہیں۔
• اگر کتوں کا جھنڈ نظر آئے تو فوراً گرام پنچایت اور محکمہ صحت کو اطلاع دیں۔
سرپنچ میجر منگیش تائیڈے، گرام پنچایت افسر یوگیش کاپکر اور تمام اراکین کی رہنمائی میں ملازم بالو گھاٹول کے ذریعے پورے گاؤں میں منادی کروا کر عوام کو چوکنا رہنے کی اپیل کی گئی۔
شری جاگیشور ودیالیہ اور شری جاگیشور انگلش اسکول، واڑے گاؤں کی جانب سے گرام پنچایت کو فوری اقدامات کے لیے تحریری درخواست دی گئی ہے اور والدین سے مکمل احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔
یہ واقعہ حکومت اور انتظامیہ کے لیے سنگین انتباہ ہے۔ اگر فوری اور ٹھوس اقدامات نہ کیے گئے تو صورتِ حال مزید خوفناک ہو سکتی ہے۔عوام کی حفاظت اولین ترجیح ہے. تمام شہری ہوشیار رہیں، احتیاط ہی تحفظ کی ضمانت ہے!



