اکولہ: ڈاکٹر ذاکرنعمانی ضلع پریشد کے مثالی مدرس ایوارڈ سے سرفراز

اکولہ : (نمائندہ) : ضلع پریشد مہاتما گاندھی ہائی اسکول ہیورکھیڑ کے فعال، مخلص اور تخلیقی اُستاد ڈاکٹر محمد ذاکر نعمانی کو اُن کی مثالی تدریسی، تنظیمی اور علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں ضلع پریشد اکولہکی جانب سے تعلیمی سال 25-2024کے لیے "مثالی مدرس ایوارڈ”سے نوازا گیا۔یہ ایوارڈ 16 اکتوبر کو کرمچاری بھون، سیول لائن، اکولہ میں منعقد ایک پُروقار تقریب میں پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر انیتا میشرام میڈم نے ڈاکٹر ذاکر نعمانی کو شال، ہار، ٹرافی اور سرٹیفکیٹ پیش کرتے ہوئے اُنہیں اس اعزاز سے سرفراز کیا۔تقریب کی صدارت ایڈیشنل سی ای او ونے ٹھمکےنے فرمائی، جب کہ مایا شرکے میڈم (اکاؤنٹس آفیسر)، لوکھنڈے سر (ڈپٹی سی ای او) اور رتنملا کھڑکے میڈم (پرنسپل ڈائٹ، اکولہ) بطور مہمانِ خصوصی شریک تھیں۔
اس موقع پر ایجوکیشن آفیسر رتن سنگھ پوار سمیت ضلع پریشد کے دیگر اعلیٰ افسران، اساتذہ اور معزز مہمانانِ گرامی بھی موجود تھے۔ڈاکٹر ذاکر نعمانی کو یہ اعزاز اُن کی چوبیس سالہ تعلیمی، ادبی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ انہوں نے نہ صرف تدریسی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے بلکہ تعلیمی و فلاحی تنظیموں سے وابستگی کے ذریعے سماجی میدان میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نعمانی، شیخِ طریقت، رہبرِ شریعت حضرت مولانا قاری عبدالکریم نعمانی نقشبندی مجددی دامت برکاتہم کے صاحبزادے ہیں، جو حضرت قطبِ عالم محبوب العلماء والصلحاء حضرت مولانا پیر ذوالفقار نقشبندی مجددی مدظلہ العالی کے خلفاء میں شمار کیے جاتے ہیں۔ڈاکٹر ذاکر نعمانی اُردو صحافت و ادبیات میں بھی نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ وہ مختلف اُردو اخبارات و رسائل میں باقاعدگی سے مضامین تحریر کرتے ہیں اور تعلیمی و ادبی تحریکوں میں سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ان کے ایوارڈ سے سرفراز ہونے پراساتذہ برادری، طلبہ، عزیز و اقارب اور دوست و احباب میں بے حد مسرت کی لہر دوڑ گئی۔ مختلف علمی و سماجی شخصیات نے اُنہیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



