ریاست بھرمیں ٹی ای ٹی سختی اوردیگرمطالبات پراساتذہ کا شدید احتجاج، اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کی ریاست گیر شمولیت

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) : ٹی ای ٹی کی سختی ختم کرتے ہوئے رائٹ ٹو ایجوکیشن ایکٹ 2009 کے تحت ترمیم، 15 مارچ 2024 کے سنچ مانیتا جی آر کی منسوخی، تمام اساتذہ پر جونی پینشن اسکیم کے نفاذ، شکشکن سیوک اسکیم کی برطرفی اور فل پیمنٹ کی بحالی، نان ٹیچنگ اسٹاف کی بھرتی سمیت متعدد مطالبات کو لے کر ریاست بھر کے پرائمری سے جونیئر کالج تک کے اساتذہ نے 5 دسمبر 2025 کو اسکولیں بند رکھ کر اپنے اپنے ضلع کلیکٹر دفاتر پر آکروش مورچے نکالے اور وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس، وزیر تعلیم دادا جی بھوسے سمیت اعلیٰ حکام کے نام مطالباتی میمورنڈم پیش کیے۔ اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ 11138 کے بانی ساجد نثار احمد کے مطابق چندرپور اور ناگپور کو چھوڑ کر تقریباً تمام اضلاع میں اساتذہ نے ایک دن کی تعطیل لے کر بڑے پیمانے پر مورچے میں شرکت کی۔ ریاست بھر میں اساتذہ کی یہ تحریک زبردست جوش و خروش کے ساتھ جاری رہی اور اساتذہ نے متحد ہو کر اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ ناسک میں ساجد نثار احمد، ڈویژن صدر نور الٰہی، ضلع صدر ندیم شیخ اور خاتون صدر شیرین شیخ کی قیادت میں بڑی تعداد میں اساتذہ نے اسکول بند،و مورچہ تحریک میں حصہ لیا۔ ممبئی میں شیخ الیاس کی قیادت، کولہاپور میں ریاستی صدر رضوان چمن شیخ، ہائی اسکول کوآرڈینیٹر انصاری عرفان، نیاز پٹیل اور فیصل پٹیل کی رہنمائی میں اساتذہ نے احتجاج میں شرکت کی۔ ناندیڑ میں ریاستی رکن نوید قریشی، ریاستی رابطہ کار محمد ضیا الحق اور ضلع صدر محمد عبد الواسع نے تحریک میں شرکت کی۔ پونہ میں ضلع صدر اشفاق خان اور خندمیر شیخ، دھولیہ میں ضلع صدر توفیق شیخ اور ریاستی رابطہ کار اسماعیل کھاٹک نے قیادت کی، جبکہ تھانہ میں شیخ ذکی اور ان کی ٹیم نے مؤثر شرکت درج کروائی۔ رائیگڑھ میں ضلع صدر شیخ چاند انصار شیخ اور زکریا کالسیکر نے میمورنڈم جمع کرایا۔ رتناگیری میں ضلع صدر ہدایت نائک نے اساتذہ کے وفد کی قیادت کی۔ نندوربار میں ریاستی سیکریٹری زبیر انصاری اور ضلع صدر قاضی نوید نے میمورنڈم پیش کیا۔ جلگاؤں میں ضلع صدر محسن خان، ضلع سکریٹری زہیر خان اور شیخ ذاکر نے مطالباتی میمورنڈم پیش کیا ،بیڑ میں ضلع صدر محمد صدیق کی قیادت میں اساتذہ نے مورچہ میں شرکت کی ،جبکہ پربھنی میں ضلع صدر سرور شریف اور اراکین نے نمائندگی کی۔ ہنگولی میں ریاستی نائب صدر تجمل معیز، رابطہ کار محمد عابد اور ضلع صدر مبین خان نے سرگرم حصہ لیا۔ واشم میں ڈویژن صدر ندیم راہی نے میمورنڈم پیش کیا ،ضلع صدر محمد حسین دیشمکھ کی قیادت میں اساتذہ نے شرکت کی، جبکہ ایوت محل میں ضلع صدر محمد پیرو نے شرکت کی۔ بلڈھانہ میں ضلع صدر شیخ متین اور عمران سید نے مطالباتی میمورنڈم پیش کیا۔ اسی طرح ناگپور، بھنڈارا، گوندیا، چندرپور، وردھا، اورنگ آباد، احمد نگر سمیت دیگر اضلاع میں بھی اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ 11138 کے اراکین نے اسکول بند رکھ کر احتجاج میں بھرپور حصہ لیا۔ ریاست بھر میں اردو، مراٹھی، ہندی اور دیگر تمام میڈیم کے اساتذہ نے یکجہتی کے ساتھ تحریک میں شرکت کی۔ آخر میں ساجد نثار احمد نے ریاست بھر کے تمام اساتذہ اور تنظیمی کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک اساتذہ کے حقوق کے حصول اور بہتر تعلیمی نظام کی بحالی کے لیے ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔



