تعلیم و روزگار

مہاراشٹر: یوم جمہوریہ کے موقع پر اسکولوں میں حب الوطنی پر مبنی پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت ؛ محکمۂ تعلیم کا سرکلر

ممبئی: (کاوش جمیل نیوز) :جمہوریہ ہند کے موقع پر 26 جنوری 2026 کو ضلع اور تعلقہ سطح پر حب الوطنی کے گیتوں پر مبنی اجتماعی پریڈ اور مارچنگ کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں محکمۂ تعلیم نے اسکولوں کو تیاری شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیم کی ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر سوچتا پاٹےکر نے اس بارے میں باضابطہ سرکلر جاری کیا ہے۔
سرکلر کے مطابق، تعلیم افسران (پرائمری، سیکنڈری اور اسکیم) مشترکہ طور پر ان میدانوں کا معائنہ کریں گے جہاں سرکاری پرچم کشائی کی جائے گی۔ ان میدانوں میں زیادہ سے زیادہ کتنے طلبہ شرکت کر سکتے ہیں، اس کا اندازہ لگا کر طلبہ کی تعداد مقرر کی جائے گی۔ اس کے بعد اسکول اور اسکول وار طلبہ کی تعداد طے کی جائے گی۔
تعلقہ سطح پر جن مقامات پر اسکول کے بڑے میدان دستیاب ہوں، وہاں زیادہ سے زیادہ طلبہ کو شامل کرتے ہوئے پریڈ اور مارچنگ کا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ پریڈ کے لیے ایک نمونہ ویڈیو اسکولوں کو فراہم کی گئی ہے، جس کے مطابق اسکولوں کو مشق کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ ویڈیو میں دیے گئے گیت کے علاوہ کسی اور گیت کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ تاہم، ڈمبلز، گھنگرو لاٹھی، رنگ وغیرہ شامل کر کے پروگرام کو نیا اور دلکش انداز دینے کی اجازت دی گئی ہے۔
ہدایت میں کہا گیا ہے کہ طلبہ ابتدائی مشق اپنے اپنے اسکولوں میں کریں اور آخری مرحلے میں اجتماعی مشق کی جائے تاکہ مارچنگ کی ترتیب ہم آہنگ اور یکساں نظر آئے۔ میدان کے معائنے اور طلبہ کی تعداد طے ہونے کے بعد، ترتیب نمبر، اسکول کا نام، طلبہ کی تعداد، رہنمائی کرنے والے اساتذہ کے نام اور ان کے ٹیلی فون نمبر ڈپٹی ڈائریکٹر کے دفتر کو جمع کرانا لازمی ہوگا۔
اس کے بعد کمشنر اور ڈائریکٹر (پرائمری و سیکنڈری) کے ذریعے حتمی ہدایات جاری کی جائیں گی۔ تب تک اسکولوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پریڈ کی مشق باقاعدگی کے ساتھ جاری رکھیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!