مہاراشٹر

مہذب، مساوی، مثالی، رحمدل اور منصفانہ معاشرہ تشکیل دینے کے لیے پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے اسوہ اور تعلیمات کو اپنانا معاشرے کے لیے ضروری۔ عبدالوہاب ملک

میلاد النبی ﷺ کے مبارک موقع پر وحدتِ اسلامی اکولہ نے " محمد ﷺ سب کے لیے" پروگرام کا کیا شاندار اہتمام

اکولہ: (ڈاکٹر ذاکر نعمانی) :اکولہ شہر کے ریلوے اسٹیشن روڈ پر واقع ، ہوٹل ویلکم ان میں میلاد النبی کے مبارک موقع پر وحدتِ اسلامی اکولہ نے “محمد ﷺ سب کے لیے” بین المذاھب شاندار پروگرام کا اہتمام کیا جس میں معاشرے کے ہر طبقے کے معزز افراد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے ہوا۔اس پروگرام میں عبدالوہاب ملک ناگپور، ہریش چندر اٹکر ایجوکیشن آفیسر میونسپل کارپوریشن اکولہ، پی جے وانکھیڈے صدر انڈین بودھ مہاسبھا اکولہ، پردیپ پاٹل چورے ترجمان مراٹھا سیوا سنگھ اکولہ، ڈاکٹر دیپک مورے گووند ہاسپٹل اکولہ، ڈاکٹر ذیشان حسین افضاء ملٹی اسپیشلٹی ہاسپٹل اکولہ، ایڈوکیٹ سی این وانکھیڈے سابق صدر اکولہ بار کونسل نمایاں طور پر موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ذیشان حسین نے کہا کہ مسلمان ہونے کے ناطے ہمارا فرض تھا کہ ہم پیغمبر محمد ﷺ کی زندگی اور تعلیمات کو آپ تک پہنچاتے لیکن ہم ایسا نہ کر سکے۔ پی جے وانکھیڈے صدر انڈین بودھ مہاسبھا اکولہ نے کہا کہ پیغمبر محمد ﷺ نے انسانیت کی بہبود کے لیے جو کام کیے ہیں انہیں معاشرے میں نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ پردیپ پاٹل چورے نے کہا کہ یہ کام قابل ستائش ہے ایسے پروگرام ہوتے رہنے چاہئیں۔ ڈاکٹر دیپک مورے نے کہا کہ میں پہلی بار ایسے پروگرام میں شریک ہوا ہوں مجھے یہاں آکر بہت اچھا لگا میں منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ہریش چندر اٹکر نے کہا کہ پیغمبر محمد ﷺ نے تعلیم کے شعبے میں بہت زیادہ تعاون کیا ہے۔ ایڈووکیٹ سی این وانکھیڈے نے اسلامی قانون کے بارے میں کہا کہ پیغمبر محمد ﷺ نے انصاف قائم کرنے کے لیے اپنی زندگی وقف کردی۔ آخر میں پروگرام کے صدر عبدالوہاب ملک ناگپور نے اپنے صدارتی خطاب میں رسول اللہ ﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ نے زندگی کے ہر پہلو پر رہنمائی فرمائی۔ آپ ﷺ نے سب سے اہم ایک خدا کی پہچان کرائی، ماں باپ کا احترام سکھایا، عورتوں کو عزت دلائی، بیٹیوں کو زندہ درگور کرنے کی مظلومانہ رسم کا خاتمہ کیا، ذات پات اونچ نیچ کے نظام کو ختم کیا، عدل و انصاف کی بنیاد رکھی، ظلمت کے اندھیرے کو مٹایا۔ آپ نے کہا کہ پیغمبر محمد ﷺ کی تعلیمات صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ ساری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے جس کے ذریعے مہذب، مساوی، مثالی، رحمدل اور منصفانہ معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ اس لیے ساری دنیا کے انسانوں کے لیے پیغمبر محمد ﷺ کو جاننا، پڑھنا اور ان کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ضروری ہے تاکہ پاکیزہ معاشرہ تعمیر کیا جا سکے۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں وحدتِ اسلامی اکولہ کے کارکنوں نے انتھک محنت کی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!