میرا روڈ میں شاندار اجراء کتب اور آل انڈیا مشاعرہ کا انعقاد !!

میرا روڈ: (رپورٹ : محمد حسین ساحل) رشید عمادی کی دعوت پرجیمس اسکول آف ایکسلنس، پونم ساگر میرا روڈ پرشاندار اجراء کتب اور آل انڈیا مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں اردو ادب کی اہم شخصیات کو مدعو کیا گیا تھا.جناب عظیم ملک کی دیوناگری رسم الخط میں لکھی گئی کتاب "وقت کی دھوپ درد کے سائے” اور جناب شاہد عمادی کی تخلیق کردہ کتاب” اسلامی عہد زریں کے مشاہیر سائنس داں ” کا اجرا عمل میں آیا اور دونوں کتابوں پر مقالات و تبصرے بھی کیے گئے۔ اپنے مقالہ میں مرزا اؔنور بیگ رائے بریلوی نے کتاب کو دیوناگری رسم الخط میں شائع کرنے کے غرض و غایت بیان کرتے ہوئے لکھا کہ یہ غیر اردو دان محبان اردو کے لئے اچھی کوشش ہے لیکن اردو کا ذائقہ دوبالا کرنے کے لئے اردو کو اردو رسم الخط میں پڑھنا ضروری ہے کیونکہ کسی بھی زبان کو دوسرے رسم الخط میں مکمل طور پر تبدیل نہیں کیا جا سکتا ۔ شاہد عمادی صاحب کی کتاب پر جناب سلمان غاؔزی نے پرمغز مقالہ پیش کیا ۔اجراء کتب کے بعد مشاعرے کی ابتداء ڈاکٹر علی فاضل نے کلام ربانی سے کی اور مرزا اؔنور بیگ رائے بریلوی نے نعت رسول کا نذرانہ پیش کیا ۔ اس ادبی محفل کی صدارت ڈاکٹر محمد کلیم ضیاؔ نے انجام دی. مہمان خصوصی ڈاکٹر عظیم الدین سید اور مہمان اعزازی حامد اقبال صدیقی ڈائس پر جلوہ افروز تھے.عبدالستار دلوی علالت کی وجہ سے مشاعرے میں شریک نہیں ہوسکے .
مشاعرے کے ناظم ڈاکٹر علی فاضل نے مشاعرے کو بڑی چابکدستی سے شروع سے آخر تک انجام دیا ۔ شہر اور بیرون شہر کے نامور شعراء کی شرکت نے مشاعرے میں پانچ چاند لگا دئے۔اس مشاعرے میں ہر شاعر نے اپنے شاندار کلام سےسامعین کے دلوں پر نقش ثبت کیے۔مشاعرے میں شریک شعراء کے نام درج ذیل ہیں : نواب آرزؔو, حبؔیب الہ آبادی, سلمان غاؔزی ، مؔحشر فیض آبادی , شاؔز رمزی, مرزا اؔنور بیگ رائے بریلوی ، نظاؔم نوشاہی محمد سعؔید بیودوی, آشوؔ شرما ، عاؔرف محمود آبادی , خاؔلد بھاٹی، صدؔیق عمر, محمدحسين ساؔحل, حسنین ساؔحل ، مستحسن عزمؔ ،جیسے اہم شعرا نے شرکت کی۔مشاعرہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ رشید عمادی صاحب کی رسم شکریہ پر جلسہ کا اختتام ہوا ۔



