مہاراشٹر

احمد نگر ضلع کے شری رام پور میں دن دہاڑے فائرنگ کا سنسنی خیز واقعہ، اسلم شبیر شیخ عرف بنٹی جاگیردارکا قتل

احمد نگر: (کاوش جمیل نیوز) :شری رام پور شہر میں آج دن کے وقت پیش آئے ایک ہولناک فائرنگ کے واقعے نے پورے شہر کو ہلا کر رکھ دیا۔ قبرستان میں تدفین سے فارغ ہو کر گھر لوٹ رہے اسلم شبیر شیخ عرف بنٹی جہانگیر دار پر نامعلوم حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ شدید زخمی حالت میں علاج کے دوران بنٹی جاگیردار کا انتقال ہوگیا، جس کے بعد شہر میں کشیدگی اور خوف کی فضا قائم ہو گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، دوپہر تقریباً ڈھائی بجے بنٹی جاگیردار اپنے دوست امین حاجی کے ساتھ موٹر سائیکل پر گھر واپس آ رہے تھے۔ سینٹ لوک اسپتال کے او پی ڈی گیٹ کے قریب پہلے سے گھات لگائے بیٹھے دو حملہ آوروں میں سے ایک نے اچانک ان پر پتھر پھینکا۔ پتھر لگنے سے بنٹی نیچے اترے اور جیسے ہی انہوں نے پتھر واپس پھینکا، حملہ آوروں نے پستول نکال کر قریب سے فائرنگ شروع کر دی۔ حملہ آوروں نے بنٹی جاگیردار کے پیٹ، ٹانگ اور کمر میں گولیاں ماریں۔ وہ خون میں لت پت ہو کر گر پڑے۔ پیچھے سے آنے والے شہریوں نے فوری طور پر انہیں کامگار اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹر جگدھنے اور ان کی ٹیم نے ابتدائی علاج کیا۔ حالت نازک ہونے کے باعث انہیں کارڈیک وین کے ذریعے احمد نگر کے ایک نجی اسپتال منتقل کیا گیا، مگر علاج کے دوران وہ جانبر نہ ہو سکے۔
جیسے ہی یہ خبر پھیلی، شری رام پور میں شدید ردِعمل دیکھنے میں آیا۔ کامگار اسپتال، سید بابا چوک اور مولانا آزاد چوک کے علاقوں میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔ بعد ازاں لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اورنگ آباد کے گھاٹی سرکاری اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ سومناتھ گھارگے کے مطابق قتل کے اس معاملے میں مقدمہ درج کرنے کی کارروائی جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے پانچ خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قتل کے پسِ پردہ اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔
بنٹی جاگیردار کے خاندان کا سیاسی پس منظر بھی زیرِ بحث ہے۔ ان کی والدہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سے سابقہ میونسپل کونسلر رہ چکی ہیں، جبکہ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں ان کی بھابھی کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ شری رام پور میونسپلٹی میں کانگریس کی کامیابی میں بنٹی جاگیردار کا اہم کردار رہا، جس کے باعث اس قتل کے ذاتی تنازع یا سیاسی دشمنی سے جڑے ہونے کے امکانات پر شہر میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔
دن دہاڑے ہونے والے اس سنسنی خیز قتل نے شری رام پور میں خوف اور غصے کی لہر دوڑا دی ہے۔ شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!